Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الجرۃ تفریح گاہ کی آگ عسیر کے الصلب پہاڑوں تک پھیل گئی

آرامکو کے ہیلی کاپٹر آگ بجھا رہے ہیں۔(فوٟٹو اخبار 24)
سعودی عرب کی الجرۃ تفریح گاہ میں لگنے والی آگ پیر کو عسیر کے الصلب پہاڑوں تک پھیل گئی۔ آرامکو کے ہیلی کاپٹر آگ بجھا رہے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق پیر کو سہ پہر تین بجے آرامکو کے ہیلی کاپٹروں نے الصلب پہاڑوں میں لگنے والی آگ کو بجھانے میں حصہ لیا۔ ایسے مقامات جہاں فائر بریگیڈ کی رسائی مشکل تھی وہاں ہیلی کاپٹر آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شہری دفاع کی ٹیمیں آرامکو کے ہیلی کاپٹروں اور رضاکاروں کی ٹیموں کی مدد سے بڑی حد تک آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئی ہیں تاہم آگ پر مکمل طور پر قابو اب تک نہیں پایا جاسکا ہے۔
عسیر گورنریٹ نے جمعے کو بیان میں کہا تھا کہ شہری دفاع کی ٹیمیں آگ بجھانے میں حصہ لے رہی ہیں۔ عسیر کے رضاکار اور ادارے تعاون کررہے ہیں۔  
گورنرعسیر شہزادہ ترکی بن طلال بن عبدالعزیز آگ بجھانے کی کارروائی کی مسلسل رپورٹ لے رہے ہیں۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق اس سے قبل سنیچر کو عسیر گورنریٹ نے اعلان کیا تھا کہ الجرۃ تفریح گاہ میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
یہ ابہا کی جنوب مشرقی تحصیل تمنیۃ میں واقع ہے۔ اس کے بعد اطلاعات آئی تھیں کہ آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جاسکا ۔ آگ جنگلات کے درمیان میں لگی تھی۔ وہاں موجود شہریوں اور سیر کے لیے جانے والوں کو بحفاظت منتقل کردیا گیا تھا۔ 
الجرۃ تفریح گاہ ابہا شہر سے تقریبا  40 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس کے شمال میں الامیر سلطان تفریح گاہ، جنوب میں تمنیۃ قریہ، مشرق میں آل فرحان کی بستیاں اور مغرب میں تہامہ کے ڈھلوانی علاقے واقع ہیں۔

شیئر: