ریاض میں غیر ملکی کارکنان کو لوٹنے والا گروہ
گروہ لوٹ مار کی گیارہ وارداتوں میں ملوث ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں ریاض پولیس نے شہر کے مختلف محلوں میں لوٹ مار کی وارداتیں کرنے والے گروہ کو گرفتار کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پولیس کے ترجمان ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ پانچ افراد پر مشتمل گروہ لوٹ مار کی گیارہ وارداتوں میں ملوث ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ گروہ میں دو سعودی شہری اور تین پاکستانی و یمنی ہیں۔ تینوں اقامہ قانون کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب پائے گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق پانچوں سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کے بھیس میں لوٹ مار کررہے تھے۔
گاڑیوں کو سیکیورٹی فورس جیسی گاڑیوں کی شکل دیے ہوئے تھے۔ غیرملکی ورکرز کی رہائش میں داخل ہوکر ان سے نقدی اور قیمتی اشیا چھین کر فرار ہوجاتے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ لوٹ مار کرنے والوں کے قبضے سے ایک لاکھ 81 ہزار ریال بازیاب کرلیے گئے۔ یہ مسروقہ اور چھینے ہوئے سامان کا کچھ حصہ ہے۔ ملزمان کو مقدمہ درج کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔