Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے تعلیمی سال کی تیاریاں، سکولوں کےلیے سات کروڑ سے زائد کتابوں کی فراہمی

ابتدائی کلاسوں کے بچوں کو انگریزی زبان سکھائی جائے گی- (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں وزارت تعلیم نے نئے سال کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اس کے تحت سکولوں میں نصابی کتابوں کی تقسیم اور ڈیجیٹل کورس پلان تیار کیا جارہا ہے۔ 

22 ہزار اساتذہ کے لیے گائیڈ بک بھی دی جارہی ہیں- (فوٹو وزارت تعلیم ٹوئٹر)

اخبار 24 کے مطابق وزارت تعلیم نے ملک کے تمام صوبوں اور کمشنریوں میں واقع اداروں کو سات کروڑ دس لاکھ کتابوں کی فراہمی کا آغاز کردیا ہے۔ 28 ملین سے زیادہ  پرائمری سکولوں، 14 ملین مڈل سکولوں، 26 ملین ثانوی کے سکولوں اور ایک لاکھ 87 ہزار تحفیظ قرآن کے سکولوں کو دی جارہی ہیں۔ 
وزارت تعلیم تین لاکھ 75 ہزار سے زیادہ کتابیں تعلیم بالغاں و انسداد ناخواندگی کے سکولوں، 27 ہزار کتابیں نابیناؤں کے سکولوں،  22 ہزار اساتذہ کے لیے گائیڈ بک اور ایک ہزار سے  زیادہ انٹرنیشنل سکولوں کو دی جارہی ہیں۔
وزارت تعلیم بیرون ملک موجود سعودی سکولوں کو  55 ہزار، جیبوتی کے سکولوں کو ایک لاکھ ساٹھ ہزار، خود کے دفاع کی تعلیم دینے والوں کے لیے  62 ہزار سپورٹس گائیڈ اور ثانوی سکول کے طلبہ کے لیے چینی زبان سے متعلق 3500 کتابیں تقسیم کرا رہی ہے۔ 
سکولوں کی کتابوں میں نئے کورس والی کتابیں شامل ہیں۔ ابتدائی کلاسوں کے بچوں اور بچیوں کو انگریزی زبان سکھائی جائے گی۔  روزمرہ کی زندگی کی مہارتوں کی تعلیم ہوگی۔ ڈیجیٹل مہارتیں سکھائی جائیں گی۔ ان  مضامین اور اسلامی مطالعات پر نئی کتابیں فراہم کی جارہی ہیں۔
وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ ہماری سپیشل  ٹیم ڈیجیٹل  کورس لانے اور کاغذی کتابوں کی جگہ ڈیجیٹل آلات متعارف کرانے کی مہم بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ کام مرحلہ وارکیا جائے گا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: