Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت سائبر سکیورٹی میں ایشیا میں سرفہرست، دنیا میں دوسرے نمبر پر

2017 میں مملکت 46 ویں نمبر پر تھا- (فوٹو سعودی سائبر سیکیورٹی ٹوئٹر)
سعودی عرب سائبر سکیورٹی میں ایشیا میں سرفہرست اور دنیا میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ اس نے 193 ملکوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں اقوام متحدہ کی سپیشلسٹ ایجنسی نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ سعودی عرب نے سنہ 2018 کے مقابلے میں 11 درجے برتری حاصل کی ہے۔ سعودی وژن 2030 کے اجرا کے بعد سے 40 سے زیادہ گریڈ ٹو پر گیا ہے۔ سنہ 2017 کے گراف میں سعودی عرب سائبر سکیورٹی کے حوالے سے دنیا بھر میں 46 ویں نمبر پر تھا۔ 
سائبر سکیورٹی کی نیشنل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سائبر سکیورٹی کا عالمی گراف پانچ اہم بنیادوں پر وقفے وقفے سے تیار کیا جاتا ہے۔ قانونی، تکنیکی، انتظامی، استعداد اور تعاون پانچ بنیادوں پر طے کیا جاتا ہے کہ سائبر سکیورٹی میں کون کہاں کھڑا ہے۔ 
علاوہ ازیں 80 ذیلی بنیادوں پر دنیا بھر کے ملکوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ 
سعودی عرب نے پانچوں محاذوں پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مملکت نے سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے موثر پالیسیاں بنائیں۔ پالیسیوں کو جانچنے والے طور طریقے مقرر کیے۔ کارکردگی کو جانچنے والے نئے ضوابط بنائے۔ سائبر سکیورٹی کی استعداد بڑھانے میں حصہ لیا۔ اندرون ملک سائبر سکیورٹی کے منظر نامے کی مسلسل نگرانی کی جبکہ سائبر سکیورٹی کی قومی حکمت عملی بھی جاری کی گئی۔ 
سائبر سکیورٹی کے قومی ادارے نے بین الاقوامی تنظیموں اور دنیا بھر کے ملکوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا۔ قومی ادارے کا کہنا ہے کہ وہ محفوظ اور معتبر سعودی سائبر سکیورٹی کا درجہ حاصل کرنے کے لیے مزید جدوجہد کرے گا۔  
قومی ادارے کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے مملکت میں سائبر سکیورٹی سسٹم کی بھرپور سرپرستی کی وجہ سے ممکن ہو سکی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: