Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈا میں شدید گرمی سے 69 ہلاکتیں، مرنے والوں میں معمر اور بیمار افراد شامل

امریکہ اور کینیڈا کے شمال مغربی علاقوں میں گرمی کی لہر شدت اختیار کرتی جا رہی ہے اور حکام کے مطابق کینیڈا میں اس کے نتیجے میں 69 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجسنی اے ایف پی کے مطابق یہ ہلاکتیں کینیڈا کے صوبہ وینکور میں ہوئی ہیں جو شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔
کینیڈین پولیس کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں وینکور کے مضافات  میں مرنے والوں میں زیادہ تعداد معمر افراد یا ان لوگوں کی تھی جو پہلے ہی سے صحت کے مسائل سے دوچار تھے۔
دیگر مقامی میونسپلٹیز کا کہنا ہے کہ انہیں پیر سے اچانک اموات کی اطلاعات مل رہی ہیں، لیکن انہوں نے ابھی ہلاکتوں کے اعداد و شمار مرتب نہیں کیے۔
کینیڈین پولیس کے کارپورل مائیکل کلانج نے کہا کہ ’ابھی تحقیقات ہو رہی ہیں، لیکن اس بات کا امکان ہے کہ زیادہ تر اموات گرمی کی وجہ سے ہوئی ہیں۔‘
گذشتہ چند برسوں سے موسمیاتی تبدیلی کے باعث درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ امریکی ریاست اوریگون سے لے کر کینیڈا کے آرکٹک ریجن تک گرمی کی وجہ ہائی پریشر گرم ہوائیں ہیں۔
پیر کو کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں 47.9 ڈگری سیلسیز درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
 امریکی نیشنل ویدر سروس کے مطابق امریکی شہروں پورٹ لینڈ، اوریگون، سیٹل اور واشنگٹن میں 1940 کے بعد پہلی مرتبہ ریکارڈ درجہ حرارت سامنے آیا۔ پورٹ لینڈ میں 115 ڈگری فارن ہائٹ اور سیٹل میں 108 ڈگری فارن ہائٹ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
پیسیفک کوسٹ وینکور میں کئی روز سے 86 ڈگری فان ہائٹ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق منگل کو فریسر ڈیلٹا دریا کے ساتھ 111 ڈگری فان ہائٹ درجہ حرارت محسوس ہوا۔
ریاست برٹش کولمبیا کے پریمیئر جان ہورگن کا کہنا تھا کہ ’ہمیں گرم ترین ہفتے کا سامنا ہے اور اس کے فیملیز اور کمیونٹیز کے لیے تباہ کن نتائج نکل رہے ہیں۔

برٹش کولمبیا کے پریمیئر نے کہا کہ ’ہم اس مشکل وقت سے اکٹھے ہو کر نکل سکتے ہیں۔‘ (فوٹو روئٹرز)

انہوں نے کہا کہ ’ہم اس مشکل وقت سے اکٹھے ہو کر نکل سکتے ہیں۔ جو لوگ زیادہ خطرے میں ہیں ان کا خیال کرنا ہوگا۔ ہمیں یقینی بنانا ہوگا کہ فریج کے کمپریسر ٹھیک کام کر رہے ہیں اور ہم گھر کے ٹھنڈے ترین حصے میں رہ رہے ہیں۔‘
انوائرنمنٹ کینیڈا نے برٹش کولمبیا، البرٹا اور دیگر علاقوں کے لیے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’لمبی، تاریخی اور خطرناک گرمی کی یہ لہر اس ہفتے جاری رہے گی۔‘
امریکی نیشنل ویدر سروس نے بھی اس سے ملتی جلتی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’لوگ ایئر کنڈیشنڈ عمارتوں میں رہیں، گھر سے باہر سرگرمیوں سے پرہیز کریں، زیادہ پانی پیئں اور گھر والوں اور ہمسایوں کا خیال رکھیں۔‘

شیئر: