امریکی حکام نے روئٹرز کو بتایا کہ افغانستان میں 650 کے قریب فوجی سفارت خانے پر تعینات ہوں گے۔
جون کے آغاز میں 50 فیصد فوجی چلے جانے کے بعد امریکی فوج نے انخلا کی رفتار کے حوالے تفصیلات دینا بند کر دی ہیں۔
امریکی فوج کے انخلا میں تیزی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ملک میں طالبان کے حملے بڑھ رہے ہیں۔ پینٹاگان کے مطابق طالبان نے 419 میں سے 81 اضلاع پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
دوسری جانب قطر میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
پینٹاگان نے منگل کو کہا تھا کہ امریکی فوج کے انخلا کا یہ مطلب نہیں ہے کہ نیٹو کا ’ریزولیوٹ سپورٹ مشن‘ بھی ختم ہو جائے گا۔ تاہم انہوں نے اس حوالے مزید سوالات کے لیے نیٹو سے رابطہ کرنے کا کہا۔
امریکہ کی زیر قیادت نیٹو فورسز کے انخلا سے تشویش پائی جا رہی ہے کہ افغانستان میں خانہ جنگی ہو سکتی ہے جس سے ممکنہ طور پر القاعدہ کو دوبارہ امریکہ اور دیگر اہداف پر نئے حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کا موقع ملے گا۔
جنوری میں شائع ہونے والی اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ افغانستان میں القاعدہ کے 500 جنگجو ہیں اور طالبان کے ان کے ساتھ گہرے روابط ہیں۔ تاہم طالبان افغانستان میں القاعدہ کی موجودگی کی تردید کرتے ہیں۔
امریکی وزیر دفاع للائیڈ آسٹن کی بدھ کو اپنے جرمن ہم منصب کے ساتھ پینٹاگان میں ملاقات متوقع ہے۔ جرمنی نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ افغانستان سے اس کے فوجیوں کا انخلا مکمل ہو چکا ہے۔