الاحسا، سعودی عرب کے مشرقی ساحل کا موتی
جمعرات 1 جولائی 2021 5:41
الاحسا کی جھیل بھی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کا علاقہ الاحسا پوری دنیا میں سب سے بڑا نخلستان مانا جاتا ہے۔
الاحسا کی کھجوریں، سایہ دار درخت، سحر آفریں مناظر پیش کرتے ہیں۔ یہاں کے دلکش چشمے دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق الاحسا تاریخی مقامات کے حوالے سے بھی اپنی ایک حیثیت رکھتا ہے- یہاں کے بلند و بالا پہاڑ، وسیع و عریض غار، عوامی عجائب گھر اور سمندر میں مدوجزر کا منظر اپنی مثال آپ ہیں-
موسم گرما میں ہزاروں سعودی اور مقیم غیرملکی الاحسا کے سحر آفرین مناظرسے لطف اٹھانے کے لیے اپنی گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ سے یہاں پہنچ رہے ہیں۔
الاحسا کی جھیل بھی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ مقامی باشندوں کو اپنے علاقے کی تاریخ پر فخر ہے۔
الاحسا کو مشرقی ساحل کا موتی بھی کہا جاتا ہے۔ صحرا کے بیچوں بیچ سبزہ زاروں، نخلستانوں اور چشموں سے مالا مال علاقہ ہے۔
یہاں ماضی، حال اور مستقبل تینوں ادوار کے متضاد مناظر ایک ساتھ دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہاں آنے والے تاریخی مقامات دریافت کرنے کے ساتھ کوپیمائی اور قدرتی مناظر سے لطف اندوزی کا شوق بھی پورا کیا جاتا ہے۔
سعودی محکمہ سیاحت نے موسم گرما کی راتوں اور دنوں کو یادگار بنانے کے لیے جن گیارہ سیاحتی مقامات کا انتخاب کیا ہے ان میں الاحسا شامل ہے۔