Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نانا کی جان قمرو‘ سینیئر اداکار انور اقبال کا انتقال

انور اقبال کی عمر 71 سال تھی، چند ماہ پیشتر ان کی اہلیہ کا انتقال ہوا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)
ٹی وی کے مشہور اداکار انور اقبال 71 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔
اہل خانہ نے مقامی میڈیا کو انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کراچی کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔
چند مہینے قبل انور اقبال کی اہلیہ کا انتقال بھی ہوا تھا۔ انہوں نے سوگواروں میں چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
اہل خانہ کے مطابق نماز جنازہ عشا کے بعد، بیت المکرم مسجد، حسن سکوائر کراچی میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین میوہ شاہ کے قبرستان میں کی جائے گی۔
انور اقبال نے کئی اردو اور سندھی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کو شہرت ’شمع‘ نامی ڈرامے کے کردار ’نانا کی جان قمرو‘ کے کردار سے ملی۔
انور اقبال نے کراچی یونیورسٹی سے ایم اے کیا تھا جبکہ 1976 میں وہ اداکاری کی طرف آئے اور جلد ہی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
 انور اقبال نے بلوچی زبان کی پہلی فلم بنائی جس کا نام ’حمل و ماہ گنج‘ تھا اور اس میں اداکار بھی کی تھی۔
انور اقبال اردو کی کچھ فلموں میں بھی کام کیا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں آخری چٹان، شاہین، خرمن، بابر، عشق پیچہ، رشتہ انجانے سے، حنا کی خوشبو، پل صراط، دوستیں جو پیار سمیت بعض دوسرے شامل ہیں۔

انور اقبال چند ماہ سے کراچی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے (فوٹو: ٹوئٹر، فرقان صدیقی)

80 اور 90 کی دہائی میں انہوں نے کئی ڈراموں میں کام کیا۔ پچھلے چند سال وہ شوبز سے دور تھے۔ 
چند روز قبل ان کی ہسپتال میں لی گئی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس پر انہوں نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا اور ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تھا۔
’میں اپنے چاہنے والوں، میڈیا اور دوستوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے صحت یابی کے لیے دعا کی، تاہم کچھ لوگوں کی جانب سے مایوسی بھی ہوئی اجازت کے بغیر ہسپتال میں تصویر لی گئی جس کو وائرل کیا گیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس سے ہماری پرائیویسی پر اثر پڑا ہے۔‘

شیئر: