سعودی عرب اور مصر کے درمیان اسلامی امور میں تعاون کا معاہدہ
دونوں ملکوں نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور مصر نے اسلامی امور میں تعاون کا معاہدہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق آل الشیخ نے کہا کہ سعودی عرب اور مصر اسلامی سرگرمیوں کے بارے میں ایک دوسرے سے مسلسل تعاون کریں گے۔ تعاون کے معاہدے پر دستخط کا مقصد دونوں ملکوں کی دور اندیش قیادت کی آرزوؤں کو پورا کرنا ہے۔
سعودی وزیر اسلامی امور نے کہا کہ حب الوطنی، قیادت سے وابستگی کو فروغ دیا جائے گا۔ دینی رواداری کو اجاگر اوراسلامی شریعت کے مسلمہ اصولوں کا تحفظ کیا جائے گا۔ عصری تبدیلیوں سے جدید ذہن سے نمٹا جائے گا۔
الاخباریہ کے مطابق مصری وزیر اوقاف محمد جمعہ نے کہا کہ تمام شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ مشاورت اور تعاون ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوقاف اور دینی امور میں دونوں ملک منظم طریقے سے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ ائمہ کی تربیت کے پروگرام بھی نافذ کیے جائیں گے۔