Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شدید گرمی اور لو سے کیسے بچا جائے، ماہرین کے مشورے

پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے- (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں موسم گرما کے دوران شدید دھوپ اور لو سے مقامی شہری اور مقیم غیرملکی متاثر ہو رہے ہیں۔ 
اخبار 24 کے مطابق ماہرین صحت نے سخت گرمی اور لو سے بچنے کے لیے کچھ مشورے دیے ہیں۔ 
 مملکت کے متعدد علاقوں میں رطوبت کی مقدار بڑھی ہوئی ہے۔ اس سے بچاؤ کے لیے بہتر ہوگا کہ بیٹھنے کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کیا جائے جہاں ہوا آئے جبکہ بند جگہوں سے دور رہا جائے۔  

کاٹن کے کپڑے پہنے جائیں- (فوٹو: اخبار 24)

کاٹن کے کپڑے استعمال کیے جائیں۔ اس سے شدید گرمی اور رطوبت کا احساس کم ہو جاتا ہے۔ 
حد سے زیادہ رطوبت بڑھ جانے پر جسم کا مدافعتی نظام متاثر ہوتا ہے۔ بار بار وضو یا غسل کے ذریعے جسم کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کی جائے۔ 
پانی زیادہ مقدار میں پیا جائے۔ تھکان کے احساس سے نمٹنے کے لیے سبزیاں اور پھل استعمال کیے جائیں۔
گرمی کے امراض سے بچاؤ کے لیے آدھی آستین والے کپڑے پہننے کی صورت میں دھوپ سے جلد متاثر ہوسکتی ہے۔ ان دنوں ڈھیلے ڈھالے کپڑے استعمال کیے جائیں۔ کاٹن کے کپڑوں کو ترجیح دی جائے۔ آنکھوں کی حفاظت کے لیے دھوپ کا چشمہ استعمال کیا جائے۔
جسم کو تروتازہ رکھنے والے مشروبات کا استعمال کیا جائے۔ کیفین والے مشروبات سے پرہیز کیا جائے کیونکہ ان سے جسم کا پانی زیادہ  مقدار میں نکلتا ہے۔ سخت گرمی کے ماحول میں باہر جانے سے حتی الامکان پرہیز کیا جائے۔ 

بے ہوش ہوجانے یا لو لگنے پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے- (فوٹو: اخبار 24)

موسم گرما کے امراض سے بچاؤ کے لیے نیند اور آرام بے حد ضروری ہے۔ اگر جسم تھکا ہوا ہوتا ہے تو گرمی سے زیادہ متاثر ہوتا ہے۔ چکر اور تھکاوٹ کی علامات تیزی سے پیدا ہوتی ہیں۔ 
اگر دھوپ اور لو کی علامت محسوس کریں تو پانی زیادہ استعمال کریں گرم جگہوں سے دور رہیں۔ بہتر ہوگا کہ ایئرکنڈیشن میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔ 
بے ہوش ہوجانے یا لو لگنے پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔
اگر آپ ورزش کے عادی ہیں تو سخت گرمی میں ایسا نہ کریں۔ ہلکی پھلکی ورزشوں پر اکتفا کریں- ورزش رفتہ رفتہ بڑھائیں۔ ورزش کے اوقات میں کمی کریں۔ جسم سے نکلنے والے پسینے کا تدارک پانی پی کر کرتے رہیں۔ پیاس لگے نہ لگے تب بھی پانی پیئں۔ ورزش کے لیے مناسب وقت کا انتخاب کریں بہتر ہوگا کہ صبح سویرے یا سورج غروب ہونے کے بعد ورزش کریں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: