توکلنا ایپ میں نئے فیچرز اب اردو میں بھی
نئے فیچرز ایپ اسٹور، ایپ گیلری یا گوگل اسٹور سے اپ ڈیٹ کیے جاسکتے ہیں۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں توکلنا ایپ کی انتظامیہ نے مزید فیچرز کا اضافہ کیا ہے جس میں ’ہیلتھ پاسپوٹ‘ کے علاوہ بیرون ملک سفر کے دوران کورونا انشورنس کی سہولت کے بارے میں معلومات شامل ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے توکلنا ایپ کی انتظامیہ کے حوالے سے کہا ہےکہ ایپ کے فیچرز میں مزید اضافے سے لوگوں کو کافی سہولت ہوگی۔
نئے اضافہ کیے جانے والے فیچرز میں سعودی مرکزی بینک اور کواپریٹو انشورنس کونسل کی جانب سے منظورشدہ انشورنس پالیسی جو بیرون مملکت سفر کے دوران کورونا کے مرض کی کوریج کےلیے مخصوص ہے شامل ہے۔
نئے فیچر میں ہیلتھ پاسپورٹ کی تفصیلات کا اضافہ کیا گیا ہے جس میں ویکسینیشن کے بعد اسٹیٹس ظاہر کیا جاتا ہے۔ ہیلتھ پاسپورٹ کے ذریعے باسانی معلوم ہوتا ہے کہ اس شخص نے ایک ویکسین لگوائی ہے یا دونوں کا کورس مکمل کرچکا ہے۔
اگر دونوں ویکسین لگوائی ہیں تو اسٹیٹس ’محصن‘ کا ہوگا اس کے ساتھ ہی ویکسینیشن کی تاریخ اور جو ویکیسین دی گئی ہے اس کی تفصیلات بھی درج کی جاتی ہیں۔
ہیلتھ پاسپورٹ میں سفر کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ شامل کی جاتی ہے جو بیرون ملک سفر کے لیے درکار ہوتا ہے۔
سعودی منصوعی ذہانت ’سدایا‘ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ توکلنا کے نئے فیچرز ایپ اسٹور، ایپ گیلری یا گوگل اسٹور سے اپ ڈیٹ کیے جاسکتے ہیں۔
نئے فیچرز عربی سمیت متعدد زبانوں میں فراہم کیے گئے ہیں جن میں اردو شامل ہے۔