Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش میں کورونا کی صورتحال ’انتہائی خراب‘، مکمل لاک ڈاؤن میں توسیع

لاک ڈاؤن میں صرف گارمنٹس فیکٹریوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر  پیر کو جاری مکمل لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کی وجہ سے بنگلہ دیشی شہری مزید ایک ہفتے تک گھروں میں قید رہیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 164 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک ہزار مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔
گذشتہ روز بنگلہ دیش میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ماہر وبائی امراض اور نیشنل ٹیکنیکل کمیٹی کے رکن نذرالسلام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کی جائے۔ انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ صورتحال ’انتہائی خراب‘ ہے۔
’کورونا وائرس کی نئی ڈیلٹا قسم 70 فیصد سے زیادہ کیسز کا سبب بن رہی ہے۔ کورونا کی نئی قسم ڈیلٹا تیزی سے پھیلتا ہے۔ اور ابھی تک وبا کا عروج نہیں آیا ہے۔‘
بنگلہ دیش میں کورونا وائرس کے تقریباً نو لاکھ 50 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 15 ہزار افراد اس وبا سے ہلاک ہوئے۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین بھی لگائی جا رہی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ماہرین کا ماننا ہے کہ امکان ہے کہ یہ اعدادوشمار اصل کیسز اور اموات سے تین سے چار گنا کم ہوں۔
بنگلہ دیش میں بڑھتے کیسز کی وجہ سے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن رواں مہینے کے آغاز میں نافذ کیا گیا تھا تاہم اب اس میں 14 جولائی تک توسیع کی گئی ہے۔
بنگلہ دیش کی 16 کروڑ 80 لاکھ آبادی صرف ایمرجنسی اور اشیائے ضرورت خریدنے کے لیے ہی گھر سے نکل سکتی ہے۔
فوج اور پولیس اہلکار سڑکوں پر گشت کر رہے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں پر نہیں اور دکانیں اور دفاتر بھی بند ہیں۔ صرف کھانے پینے کی اشیا کے بازار دن میں کچھ گھنٹوں کے لیے کھل سکتے ہیں۔
دارالحکومت ڈھاکہ میں 20 ملین افراد رہتے ہیں۔ حکام نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر دو ہزار سے زیادہ افراد گرفتار کیا ہے۔

حکومت نے چند گھنٹوں کے لیے ضروری اشیا کی دکانیں کھولنے کی اجازت دی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

گارمنٹس کی فیکٹریاں جو بنگلہ دیش کی برآمدی معیشت کا ستون ہے، کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت نے کہا ہے کہ 50 فیصد تک کورونا وائرس کے کیسز شہروں سے باہر رپورٹ ہو رہے ہیں۔
محکمہ صحت کے ایک ترجمان کے مطابق ’ہر دن صورتحال خراب ہو رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ لاک ڈاؤن کام کر رہا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ لاک ڈاؤن میں توسیع سے صورتحال بہتر ہوگی۔‘

شیئر: