کیمیکل ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق اجلاس میں سعودی عرب کی شرکت
کیمیکل ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق اجلاس میں سعودی عرب کی شرکت
بدھ 7 جولائی 2021 11:48
سعودی سفیر نے مشرق وسطی کو کیمیائی ہتھیاروں سے پاک خطہ بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کا ایک وفد ہالینڈ کے شہر ہیگ میں منعقدہ او پی سی ڈبلیو کی ایگزیکٹو کونسل کے 97 ویں اجلاس میں حصہ لے رہا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے لیے بنائی گئی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) کا یہ اجلاس 6 تا 9 جولائی منعقد کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت ہالینڈ میں موجود سعودی سفیر اور او پی سی ڈبلیو (آرگنائزیشن فار پروبیشن کیمیل ویپنز) میں مستقل نمائندہ زیاد العطیہ کر رہے ہیں۔
زیاد العطیہ نے اس موقع پراپنی تقریر میں مشرق وسطی کو کیمیائی ہتھیاروں سمیت بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے تمام ہتھیاروں سے پاک علاقہ بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اجلاس میں کہا کہ ان مہلک ہتھیاروں پر پابندی عائد کرنے اور ان کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
سعودی سفیر نے اجلاس کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب بین الاقوامی امن و سلامتی کو فروغ دینے اور مہلک ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کرنے پر پختہ یقین رکھتا ہے۔
زیاد العطیہ نے سعودی عرب کی جانب سے کسی بھی جگہ اور کسی بھی حالت میں کیمیائی ہتھیاروں یا ہتھیاروں کے طور پر استعمال ہونے والے زہریلے کیمیکلز کے استعمال کی مذمت کا اعادہ کیا۔
سعودی سفیر نے شام میں کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق تحقیقاتی ٹیم کی دوسری رپورٹ کا بھی خیرمقدم کیا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں