غیرقانونی طور پر حج کے لیے لے جانے والوں کو انتباہ، قید اور جرمانہ ہوگا
ہفتہ 10 جولائی 2021 18:47
غیر ملکیوں کو قید اور جرمانے کی سزا کے بعد بلیک لسٹ کردیا جائے گا (فائل فوٹو: العربیہ)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جوازات کا کہنا ہے کہ ’جو بھی غیر قانونی طور پر حج کے لیے لوگوں کو لے جائے گا اسے قید اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘
’اس گاڑی کو بھی بحق سرکار ضبط کرلیا جائے گا جو غیر قانونی حجاج کی نقل و حمل کے لیے استعمال کی جائے گی۔‘
ویب نیوز سبق نے جوازات کی جانب سے جاری ہدایت کے حوالے سے بتایا کہ ’بغیر حج اجازت نامے کے کسی کو ایام حج میں مکہ اور مشاعر مقدسہ جانے کی اجازت نہیں ہے۔‘
’وہ غیر ملکی جو اس کام میں ملوث پائے جائیں گے انہیں قید اور جرمانے کی سزا کے بعد ملک بدر کر کے ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔‘
واضح رہے کہ ایام حج میں پرمٹ کے بغیر کسی کو بھی مکہ جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ پرمٹ کے بغیر جانے والوں پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے جبکہ قید کی سزا بھی دی جاتی ہے۔
اس سال محدود حج پروگرام کے تحت صرف 60 ہزار عازمین حج ادا کریں گے۔ جن عازمین کو حج کی اجازت دی گئی ہے انہیں خصوصی ڈیجیٹل کارڈز جاری کیے گئے ہیں۔