Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف فوج کے ادارے کے مخالف نہیں: مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے دور میں فوج کے جوانوں کی تنخواہیں نہیں بڑھیں۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ فوج کا بجٹ اور فوجی جوانوں کی تنخواہیں ہمیشہ نواز شریف کے دور میں بڑھیں۔
پیر کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی وادی لیپہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’کئی لوگ اپنے ذاتی مفاد کے لیے نواز شریف کے خلاف پروپیگنڈہ کرتے ہیں کہ شاید نواز شریف فوج کے ادارے کا مخالف ہے، ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔‘

 

مریم نواز نے کہا کہ وادی نیلم اور وادی لیپہ میں جگہ جگہ پاک فوج کے جوان نظر آئے جو دشمن سے ہماری حفاظت کرتے ہیں۔ ’مجھے ان وردی میں ملبوس جوانوں پر بہت پیار آیا۔ میں نے بھی ان کو سلام کیا اور ان میں سے بھی اکثریت نے مجھے سلیوٹ کیا۔ میرا ان کے ساتھ فوری کنکشن بنا۔‘
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ ’عمران خان کی نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے فوج کے ان جوانوں کے گھر والے بھی مہنگائی سے پریشان ہوں گے جو جان ہتھیلی پر رکھ کر ڈیوٹی دے رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ عمران خان گو کہ سیلیکٹ ہو کر آئے ہیں لیکن موجودہ دور میں ان جوانوں کی تنخواہیں نہیں بڑھیں۔

مریم نواز کے مطابق فوجی جوانوں کی تنخواہیں آخری بار نواز شریف کے دور میں بڑھی تھیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

مریم نواز کے مطابق فوجی جوانوں کی تنخواہیں آخری بار نواز شریف کے دور میں بڑھی تھیں۔ کئی لوگ اپنے ذاتی مفاد کے لیے نواز شریف کے خلاف پروپیگنڈہ کرتے ہیں کہ شاید نواز شریف فوج کے ادارے کا مخالف ہے، ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔ فوج کا جب جب بھی بجٹ بڑھا، فوجی جوانوں کی جب جب بھی تنخواہیں بڑھیں نواز شریف کے دور میں بڑھیں۔‘
انتخابی جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے مزید کہا کہ ’کشمیریوں سے کوئی ان کا حق چھین لے اور نواز شریف اور مریم نواز بیٹھ کر دیکھتے رہیں یہ نہیں ہو سکتا۔ کشمیر کے لوگ زبردست اور خوددار ہیں۔‘
مسلم لیگ ن کی رہنما نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’کشمیر کے لوگ آٹا اور چینی چوروں کو ووٹ نہیں دیں گے۔‘

شیئر: