بیرون ملک سے روزانہ 3 ہزار اضافی مسافروں کو پاکستان واپس لانے کا فیصلہ
منگل 13 جولائی 2021 18:44
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
’بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے 50 فیصد تک فضائی آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق 15 جولائی سے ہوگا‘ (فوٹو:
پاکستان میں کورونا کی صورت حال سے نمٹنے اور پالیسی مرتب کرنے کے لیے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بین الاقوامی فضائی آپریشن کو 50 فیصد تک بڑھانے کی اجازت دے دی ہے۔
وزارت صحت کے حکام نے اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے 50 فیصد تک فضائی آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق 15 جولائی سے ہوگا۔‘
وزارت صحت کے حکام کے مطابق ’اس فیصلے سے روزانہ کی بنیاد پر 3 ہزار تک اضافی مسافروں کو وطن واپس لایا جاسکے گا۔‘
خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کو 20 فیصد تک محدود کر دیا تھا تاہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد وطن واپس آنے کی خواہش مند ہے۔‘
اس سے قبل غیر ملکی پروازوں کی جانب سے مبینہ طور پر اوور بکنگ کرنے کے بعد اچانک پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں جس کے بعد حکومت پاکستان نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کو اضافی پروازیں چلانے کی اجازت دی تھی۔
وزارت صحت کے حکام کے مطابق ’اضافی پروازوں کے لیے ایئرپورٹ اور متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہے جبکہ یکم اگست سے اندرون ملک سفر کے لیے بھی کورونا ویکسین کی شرط سے متعلق متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔‘
کورنا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے فوج سے مدد لینے کا فیصلہ
وزارت صحت حکام نے تصدیق کی ہے کہ این سی او سی نے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے افواج پاکستان سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوج ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائے گی۔
وزارت صحت حکام کے مطابق ’عید کی چھٹیوں کے دوران سیاحتی مقامات پر جانے والے افراد کے لیے ویکسین کی شرط عائد کر دی گئی ہے۔ اس ضمن میں تمام سیاحتی مقامات کی طرف جانے والے افراد کی سخت چیکنگ کی جائے گی۔