درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر ایمن غلام نے پیشگوئی کی ہے کہ ’اس سال حج کے دنوں میں سخت گرمی پڑے گی۔ درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔‘
سرکاری خبر رساں ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر ایمن کا کہنا ہے کہ ’حج مقامات پر گرد آلود تیز ہواؤں اور ظہر کے بعد بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔‘
ڈاکٹر ایمن غلام نے گزشتہ روز منیٰٰ، مزدلفہ اورعرفات میں موسمیات کے قومی مرکز کا دورہ کیا ہے۔
انہوں نےکہا کہ ’ہمارے سینٹر کے ماہرین چوبیس گھنٹے موسمی تبدیلیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور متعلقہ اداروں کے افسران کو نئی صورتحال سے آگاہ کرنے اور رکھنے کا اہتمام کررہے ہیں۔‘
ڈاکٹر ایمن غلام کا کہنا ہے کہ ’منیٰ، مزدلفہ اورعرفات کی آب و ہوا کی کوریج کی شرح سو فیصد تک ہے۔ ہنگامی حالات میں موسمی خبرنامے بار بار پیش کیے جائیں گے اس کی تمام تیاریاں ہیں۔‘
یاد رہے کہ حج سیزن 18 جولائی سے شروع ہورہا ہے۔ اس سال بھی کورونا وبا کے باعث حج کو محدود رکھا گیا ہے۔ مملکت میں مقیم 60 ہزار افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔