Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رواں سال حج کے لیے پہلا سمارٹ کارڈ جاری

گورنر مکہ مکرمہ نے پیر کو حج مقمات کا دورہ کیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت حج نے اس سال تمام عازمین کے لیے سمارٹ حج کارڈ جاری کیا ہے۔
گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل جو مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں ان کی موجودگی میں پہلا حج سمارٹ کارڈ جاری کیا گیا ہے۔
گورنر مکہ مکرمہ نے پیر کو حج مقمات کا دورہ کیا اور عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا معائنہ کیا۔
وزارت حج و عمرہ کے ترجمان ھشام السعید نے بتایا کہ اس سال تمام عازمین کو سمارٹ حج کارڈ جاری کیا جائے گا۔ 
الاخباریہ چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سمارٹ کارڈ میں تمام نجی معلومات اور صحت کوائف درج ہوں گے۔
 سمارٹ حج کارڈ کثیر المقاصد ہوگا۔ اس کی بدولت حج کرنے والے بہت سے ممکنہ مسائل سے بچ سکیں گے اور کارڈ کی بدولت مسائل جلد حل کیے جاسکیں گے۔ 
علاوہ ازیں نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ اس سال عازمین حج کے لیے آگہی پروگرام مختلف ہوگا۔
ہر حاجی کو سفر حج کے ایک، ایک مرحلے کی رہنمائی کے لیے باتصویر ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے اور ای ایپلی کیشنز کے ذریعے براہ راست حاجیوں سے رابطے رکھے جائیں گے۔ 
سعودی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمارٹ کارڈ کی بدولت ہر حاجی متعلقہ ادارے کے بارے میں ضروری معلومات بھی حاصل کرسکے گا اور مختلف اداروں سے کام نکلوانے کے لیے ضروری ہدایات بھی اسے دی جائیں گی۔
سمارٹ کارڈ جدید آگہی پروگرام ، صحت، سیکیورٹی اور انتظامی امور کو سمجھنے سمجھانے میں معاون بنے گا- 

 

شیئر: