Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اینڈی مرے زخمی ہونے پر ٹوکیو اولمپکس سنگلز سے دستبردار

مرے ڈبلز کھیلنے کے لیے ٹوکیو میں قیام کریں گے(فائل فوٹو اے ایف پی)
برطانیہ کی ٹیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دفاعی اولمپک ٹینس چیمپیئن اینڈی مرے پٹھوں میں تکلیف کی وجہ سے مردوں کے سنگلز ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 34 سالہ مرے ،جو سیلسبری کے ساتھ ڈبلز کھیلنے کے لیے ٹوکیو میں قیام کریں گے۔
اینڈی مرے اور جو سیلسبری نے سنیچر کو ڈبلز مقابلے کا اپنا افتتاحی میچ جیتا تھا۔
برطانوی ٹینس کھلاڑی مرے نے ایک بیان میں کہا کہ ’مجھے مردوں کے سنگلز ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے پر واقعی مایوسی ہوئی ہے لیکن میڈیکل سٹاف نے مجھے دونوں ایونٹس میں کھیلنے کے خلاف مشورہ دیا ہے لہذا میں نے سنگلز ٹورنامنٹ سے دستبرداری اور جو سیلسبری کے ساتھ ڈبلز کھیلنے پر توجہ دینے کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اس فیصلے میں طبی عملے کے ساتھ مشاورت کی گئی ہے۔‘
تین بار کے گرینڈ سلیم چیمپیئن مرے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے دو اولمپکس سنگلز ٹائٹل جیتے ہیں۔
اینڈی مرے کو 2012 کے لندن اور 2016 کے ریو اولمپکس میں سونے کا تمغے جیت کر 2021 کے ٹوکیو اولمپکس لگا تار تیسری بار سونے کا تمغہ جیتنے کی امید تھی۔
اینڈی مرے کا کیریئر حالیہ برسوں میں انجری کا شکار رہا ہے۔ 2016 کے آخر میں ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں عالمی نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنے کے بعد انہیں دو بار سرجری کروانی پڑی ہے۔
اینڈی مرے حال ہی میں کینیڈا کے ڈینس شاپوالوف کے ہاتھوں شکست کھا کر ومبلڈن کے تیسرے راؤنڈ سے باہر ہو گئے تھے۔
اینڈی مرے اور جو سیلسبری اولمپک مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے جرمنی کے ٹم پیوٹز اور کیون کراوئٹز سے کھیلیں گے۔

شیئر: