گورنرالجوف نے پیر کو القریات ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں گورنرالجوف شہزادہ فیصل بن نواف نے پیر کو القریات ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا ہے جس کا افتتاح مارچ 2022 میں کیا جائے گا۔
اخبار 24 کے مطابق شہزادہ فیصل کو القریات ریلوے سٹیشن پروجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔
انہیں بتایا گیا کہ القریات ریلوے سٹیشن پر ٹرینوں کی آمد ورفت کے لیے درکار بنیادی انفراسٹریکچر مکمل کرلیا گیا ہے۔
گورنر الجوف کو الجوف اور قریات کے درمیان ریلوے لائن کے متاثرہ علاقوں کی اصلاح و مرمت کے پروجیکٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی ہے۔ یہ 320 کلو میٹر طویل ریلوے لائن ہے۔
شہزادہ فیصل بن نواف کو بتایا گیا کہ ریلوے سٹیشن کے ضروری کام انجام دینے کے لیے ریلوے مینٹیننس ورکشاپ بھی قائم کیا جارہا ہے۔
گورنر الجوف نے ہدایت کی کہ القریات ریلوے سٹیشن پر تمام کام معیاری ہوں اور کوئی خامی باقی نہ رہے۔
ریلوے کمپنی سار کے ڈپٹی چیئرمین عبداللہ الیوسف نے کہا کہ القریات ریلوے سٹیشن مقررہ پروگرام کے مطابق 15 مارچ 2022 سے کام کرنے لگے گا۔
یہ ریاض سے القریات تک 1215 کلو میٹر طویل ریلوے لائن پروجیکٹ کا چوتھا اور آخری مرحلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار گاڑیوں کو کارگو ٹرین کے ذریعے پہنچانے کی سہولت بھی مہیا ہوگی۔