Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یمن کی آئینی حکومت اقوام متحدہ کی کوششوں کے ساتھ ہے‘

سعودی عرب کا امن منصوبہ بہترین حل ہے( فوٹو ٹوئٹر)
یمن کے نائب صدر علی محسن صالح نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے امن منصوبے سے دنیا نے یہ حقیقت جان لی ہے کہ  تشدد اور دہشت گردی کی پالیسی کونسا فریق اپنائے ہوئے ہے۔
یمن کی آئینی حکومت، سعودی عرب کے امن منصوبے کو قبول کرچکی ہے اور یہ مانتی ہے کہ یہی بہترین حل ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق علی محسن صالح نے اقوام متحدہ کے نائب ایلچی برائے یمن معین شریم سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یمن کی آئینی حکومت اقوام متحدہ کی کوششوں کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمنی عوام کے مسائل ختم کرانے کے لیے عالمی مشن کی حامی ہے۔ انہوں نے یمن میں پائدار امن قائم کرانے والی کوششوں کی بحالی پر بات چیت کی۔
یمن کے نائب صدر نے کہا کہ  حکومت قیدیوں، اغوا شدگان اور زیرحراست افراد کے معاملات حل کرنے کی خاطر تعاون کے لیے تیار ہے۔ 
انہوں نے کہاکہ حوثی اسٹاکہوم معاہدے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور اقوام متحدہ کی امن کوششوں میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ایلچی نے کہا کہ سیاسی حل کی مہم کی بحالی کے لیے  کئی مسائل اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ یمن کی آئینی حکومت، عوام کے مصائب ختم کرانے میں سنجیدہ ہے اور اس کا رویہ مثبت ہے۔ 

شیئر: