حوثی ملیشیا کی طرف سے اب تک ایک لاکھ 28 ہزار ناکام حملے
ہفتہ 31 جولائی 2021 10:31
’حوثی ملیشیا نے 383 میزائل، 960 ڈرون حملے کیے ہیں جبکہ بارودی کشتیوں کی تعداد 79 ہے‘ ( فوٹو: سبق)
حوثی ملیشیا کے خلاف برسر پیکار عرب اتحادی افواج نے کہا ہے کہ دہشت گرد اور باغی گروہ نے اب تک ایک لاکھ 28 ہزار 796 مرتبہ خلاف ورزیاں کرتے ہوئے مختلف قسم کے ناکام حملے کیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ’حوثی ملیشیا نے 383 میزائل اور 960 ڈرون حملے کیے ہیں۔‘
’بارودی کشتیوں کی تعداد 79 ہے، سمندر میں بارودی سرنگیں بچھانے کی تعداد 205 جبکہ 96،912 گولے داغے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حوثی ملیشیا نے الحدیدہ شہر میں 30528 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔‘
ترجمان نے کہا ہے کہ ’حوثی ملیشیا سعودی عرب کی سرزمین کو نشانہ بنانے کی مذموم کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔‘
’وہ سعودی سرکاری تنصیبات، نجی املاک اور پر امن شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے نہیں کتراتے۔‘
بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے مزید کہا ہے کہ ’حوثی ملیشیا کی تخریب کاری پر مشتمل یہ کارروائیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔‘