افغان تفتیشی ٹیم کو پولیس جواب دینے کے لیے تیار ہے: شیخ رشید
شیخ رشید نے کہا ’افغان تفتیشی ٹیم وزارت داخلہ سے رابطے میں ہے۔ افغان تفتیشی حکام کو جواب دینے کے لیے پولیس تیار ہے۔‘(فوٹو، پی آئی ڈی)
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پولیس افغان تفتیشی ٹیم کو جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے پیر کو اسلام آباد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ’ افغانستان کی ٹیم تحقیقات کے لیے پاکستان آ گئی ہے، افغان ٹیم افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے کے سلسلے میں آئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’افغان تفتیشی ٹیم وزارت داخلہ سے رابطے میں ہے۔ افغان تفتیشی حکام کو جواب دینے کے لیے پولیس تیار ہے۔ ‘
’افغان ٹیم اگر ٹیکسی ڈرائیوروں سے پوچھ گچھ کرنا چاہے تو کر سکتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ’’ڈپلومیٹک انکلیو میں چیئرمین سی ڈی اے کو 190 مزید کیمرے لگانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ وہاں 1122 کا اجراء بھی کیا جائے۔‘
شیخ رشید نے کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے کہا ’نادرہ نے ویکسینیشن کا سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جن لوگوں نے کورونا کی ایک دو یا دو خوراکیں لگوائی ہیں، ان کی تصدیق کے نظام کا اجرا کیا جا رہا ہے اور اس کا رابطہ 64 ممالک کے ائیرپورٹس کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے تاکہ کوئی باہر سے آئے تو ویکسینیشن کی صورت حال دیکھ سکے۔‘
’میں نے ڈی سی اور کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ جن لوگوں نے اسلام آباد میں نالوں پر تعمیرات کی ہیں، 30 اگست تک وہ تمام نالے کلیئر کر دیے جائیں۔‘
انہوں نے کہا ’ایف آئی اے نادر، سائبر کرائم میں روٹیشن مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ بیرون ملک مشنوں میں آٹھ آٹھ دس دس سال سے بیٹھے ہوئے 64 افراد کو واپس بلا لیا گیا ہے اور ان کی جگہ میرٹ پر لوگوں کو بھیجا جا رہا ہے۔ ‘
’اگر ان افراد نے 30 اگست تک پاکستان واپس آ کر اپنے اپنے دفاتر میں رپورٹ نہ کیا تو انہیں نوکریوں سے فارغ کر دیا جائے گا۔‘
شیخ رشید نے کہا کہ ’پاکستان میں ہزاروں لوگ ایسے ہیں جو پاکستان میں مختلف جگہوں پر چھپے ہوئے ہیں، انہیں ایک مہینے کی چھوٹ ہے کہ وہ اپنے ویزے میں توسیع کے لیے آن لائن اپلائی کر دیں بصورت دیگر وہ ملک چھوڑ دیں۔ ‘