ممکن ہے کہ آپ کا فون کھو جائے اور آپ اسے تلاش کرنا چاہیں لیکن یہ کام مشکل ہو جائے۔ ایسے موقع پر صارفین پریشان ہو جاتے ہیں، یہ پریشانی اس وقت دوچند ہو جاتی ہے جب معلوم ہو کہ فون چوری ہو گیا ہے۔
اس مرحلے پر بہت سے صارفین ’فائنڈ مائی ڈیوائس‘کا آپشن استعمال کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ تبھی ممکن ہے جب اسے پہلے سے ہی استعمال کے قابل بنایا گیا ہو۔
الرجل میگزین کی ایک رپورٹ کے مطابق گمشدہ فون کی تلاش ایک دشوار کام سہی تاہم کچھ نکات پر عمل کر کے اینڈرائڈ اور آئی فون سیٹس کو ڈھونڈا جا سکتا ہے۔
آپ جب بھی کسی اینڈرائڈ ڈیوائس میں اپنے گوگل اکاؤنٹ کو لاگ ان کرتے ہیں تو ’فائنڈ مائی ڈیوائس‘ کا فیچر خودکار طریقے سے آن ہو جاتا ہے۔
گوگل کا مفت ’فائنڈ مائی ڈیوائس‘ ہی وہ فیچر ہے جو ڈیوائس گم ہو جانے پر اسے تلاش کرنے یا فون پاس نہ ہونے کے باوجود اسے لاک کرنے یا ڈیٹا ڈیلیٹ کرنے کے کام آتا ہے۔
اپنا اینڈرائڈ فون لیں اور دیکھیں کہ ’فائنڈ مائی ڈیوائس‘ کا فیچر آن ہے۔
اس مقصد کے لیے فون کی سیٹنگز میں جائیں، پھر سکیورٹی اینڈ لوکیشن اور فائنڈ مائی ڈیوائس کے آپشن پر جا کر موجودہ سٹیٹس دیکھ لیں۔
اگر آپ کی ڈیوائس میں لوکیشن یا سکیورٹی کا آپشن نہ ہو تو گوگل، پھر سکیورٹی اور یہاں فائنڈ مائی ڈیوائس کے آپشن پر جا کر موجودہ سٹیٹس چیک کر لیں۔
ان دونوں میں سے کسی بھی ذریعے سے فائنڈ مائی ڈیوائس کے آپشن پر پہنچنے کے بعد اگر آپ کو یہ آف دکھائی دے تو اسے کلک کر کے فائنڈ مائی ڈیوائس کو آن کر دیں۔
ان سٹیپس پر عمل کر لینے کے بعد جائزہ لیں کہ فون کے قریب نہ ہوتے ہوئے بھی اسے لاک یا اس کا ڈیٹا حذف کر سکتے ہیں یا نہیں۔
اس کے لیے android.com/find لکھ کر اپنے کمپیوٹر پر سرچ کریں۔ اپنا فون منتخب کریں اور وہاں دکھائی دینے والے آپشنز ’پلے ساؤنڈ‘، ’سکیور ڈیوائس‘ اور ’ایریز ڈیوائس‘ کی موجودگی اور آن ہونے کو یقینی بنا لیں۔
یہ کسی بھی اینڈرائڈ ڈیوائس کو تلاش کرنے کا بہترین طریقہ ہے جس پر عمل کر کے ضرورت پڑنے پر فون اور ڈیٹا کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
گمشدہ سام سنگ گیلکسی ڈیوائس کیسے تلاش کریں؟
سام سنگ گیلکسی کے صارفین کے لیے فون تلاش کرنے کے لیے جو فیچر مہیا کیا گیا ہے وہ گوگل کے ’فائنڈ مائی ڈیوائس‘ سے قدرے مختلف ہے۔ یہ اپنے صارف کو ڈیٹا بیک اپ کے ساتھ مزید کئی سہولیات بھی مہیا کرتا ہے۔
سام سنگ کی سروس کے ساتھ صارف فون سے دور رہ کر بھی اس کا بیک اپ حاصل کر سکتا ہے۔ یہ بات بھی معلوم کی جا سکتی ہے کہ کسی نے فون سے آپ کا سم کارڈ تبدیل تو نہیں کر دیا۔
یہ تمام سہولیات حاصل کرنے کے لیے لازم ہے کہ گیلکسی صارفین پہلے اپنا سام سنگ اکاؤنٹ سیٹ کر لیں۔
سام سنگ نے حال ہی میں ایک نیا فیچر بھی پیش کیا ہے۔ ایپل کی طرز پر متعارف کرائے گئے فیچر کے تحت گیلکسی سمارٹ فون کو کراؤڈ سورسنگ کے ذریعے اس وقت بھی تلاش کیا جا سکتا ہے جب وہ آف ہو۔ اس مقصد کے لیے قریب موجود کسی دوسرے گیلکسی فون صارف کو پرائیویٹ بلیو ٹوتھ سگنل سرچ کرنا ہوں گے۔ یہ ایڈوانس فیچر گمشدہ فون کا مقام بتاتا ہے اور یہ پورا عمل کسی کی شناخت ظاہر کیے بغیر کیا جاتا ہے۔
سام سنگ گیلکسی صارفین چاہیں تو گوگل اور سام سنگ دونوں کی سروسز کو بیک وقت بھی استعمال کر سکتے ہیں، ایسا کرنا فون کی حفاظت کے لیے زیادہ مفید ہے۔
سام سنگ کے گیلکسی فون کی سیٹنگز میں جائیں، پھر ’فائنڈ مائی فون‘ کے آپشن پر جائیں، پھر ’بائیومیٹرک اور سکیورٹی‘ کے آپشن پر جائیں۔ اگر آپ نے پہلی مرتبہ فون استعمال کرتے ہوئے سام سنگ اکاؤنٹ سیٹ کر رکھا ہو تو یہاں ’فائنڈ مائی موبائل‘ کا سٹیٹس ایکٹو ہوگا۔ اگر ایسا نہیں ہے تو چند سیکنڈز لگا کر اسے ایکٹو کر لیں۔
سام سنگ کی سمارٹ تھنگز فائنڈ ایپ استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ صارف کی گلیکسی ڈیوائس میں نیا آپریٹنگ سسٹم انسٹال ہو۔
گمشدہ آئی فون کیسے تلاش کیا جائے؟
آئی او ایس 15 کے اپ گریڈ کے ساتھ صارفین کے لیے یہ ممکن بنا دیا گیا ہے کہ وہ فون بند ہونے کی صورت میں بھی اسے تلاش کر سکیں۔ سام سنگ کی جانب سے یہ فیچر اپنی سمارٹ تھنگز فائنڈ ایپلی کیشن میں دیا جاتا ہے۔ البتہ آئی فون کے آپریٹنگ سسٹم کا یہ ورژن ابھی بیٹا مرحلے پر ہے اور آئندہ خزاں میں جاری کیا جا سکتا ہے۔
آئی فون صارفین کچھ بنیادی کام کر کے اپنا فون کھونے کا خطرہ یا اس سے ہونے والے نقصان کو کم کر سکتے ہیں۔ ایپل کے فائنڈ مائی سروسز اپنے قیمتی فون کو محفوظ کرنے یا ڈیٹا کی بحالی کے لیے اہم ہے۔
سب سے پہلے اپنے آئی فون پر لاک سکرین کو فعال کر دیں، تاکہ اگر کوئی آپ کا فون پا لے تو اسے کھول نہ سکے یا اس کے اندر موجود ڈیٹا کو حاصل نہ کر سکے اور اس دوران آپ اپنا فون تلاش کر سکیں یا میسیج اپنی ڈیوائس پر بھیج سکیں جو اس وقت فون رکھنے والے فرد کے سامنے ظاہر ہوگا۔
آئی فون استعمال کرتے وقت کچھ لوگ فیس آئی ڈی یا ٹچ آئی ڈی کو غیر ضروری اقدام کے طور پر دیکھتے ہیں، ان کا ایسا کرنا ٹھیک نہیں۔
آئی فون پر پاس کوڈ لگانا اور اپنے چہرے یا فنگر پرنٹ کو استعمال کرتے ہوئے اپنے فون میں موجود معلومات کی حفاظت ڈیٹا کے نقصان سے بچنے کے لیے ضروری ہے۔
یہ کام دشوار لگے تو تصور کریں کہ آپ کے فون میں موجود بینکنگ معلومات، پرائیویٹ چیٹ، گھر اور دفتر کے مقام کی معلومات، کنٹیکٹس، ای میلز، فوٹوز وغیرہ کسی دوسرے کے ہاتھ لگنا کتنا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
فون کو محفوظ بنانے کے لیے سیٹنگز میں جائیں، فیس آئی ڈی (یا ٹچ آئی ڈی) اور پاس کوڈ پر جائیں اور یہاں دکھائی دینے والی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ان فیچرز کو ایکٹو کر لیں۔ ہو سکتا ہے ابتدا میں فنگر پرنٹ یا چہرہ دکھا کر فون کھولنا کچھ عجیب لگے تاہم بتدریج یہ ایک معمول بن جائے گا جس پر عمل مشکل نہیں لگے گا۔
لاک سکرین کو محفوظ کر لینے کے بعد اب آپ اپنی ڈیوائس کی حفاظت کے لیے اس کی ’فائنڈ مائی‘ سروس فعال کر سکتے ہیں۔
آئی فون کی سیٹنگز میں جائیں، سب سے اوپر موجود اپنے نام پر کلک کریں، نیچے دکھائی دینے والے ’فائنڈ مائی‘ کے آپشن کو منتخب کریں۔ اگلی سکرین پر تصدیق کر لیں کہ ’فائنڈ مائی آئی فون‘ کا فیچر آن ہو۔ اگر آن نہ ہو تو کلک کر کے اسے فعال کر لیں۔
اس مرحلے پر یقینی بنائیں کہ ’فائنڈ مائی نیٹ ورک اور سینڈ لاسٹ لوکیش‘ بھی آن ہوں۔
اپ ڈیٹ کے طور پر ایپل کا ’فائنڈ مائی نیٹ ورک‘ گمشدہ بتائے گئے فون کی لوکیشن سے متعلق معلومات جمع کرے گا۔ مثال کے طور پر اگر آپ آئی فون کھو دیں اور اسے اپنے ’فائنڈ مائی‘ ایپ میں ’گمشدہ‘ مارک کر دیں تو ایپل کسی بھی آئی پیڈ، ائی فون یا میک کے ذریعے آپ کے فون کی نشاندہی کرے گا، یہ نشاندہی اس وقت بھی ممکن ہو سکے گی جب فون بند ہو گا۔
فون کی تلاش کے لیے استعمال ہونے والی ایپل ڈیوائسز کے مالک کو علم بھی نہیں ہو گا کہ وہ آپ کے گمشدہ فون کی تلاش میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔ نیٹ ورک یا کسی اجنبی کی مدد کے ذریعے گمشدہ فون تلاش کرنے میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہے۔
سینڈ لاسٹ لوکیشن کا فیچر آپ کی آخری لوکیشن مذکورہ سروس کو بھیجتا ہے۔ فون کی بیٹری بند ہونے یا چوری کی صورت میں ڈیوائس آف کرنے کی کوشش پر یہ لاسٹ لوکیشن فون کی تلاش میں معاون رہتی ہے۔
احتیاط گمشدہ ڈیوائس تلاش کرنے کا بہترین طریقہ
اپنی ڈیوائس کی ٹریکنگ سروسز آن کیے بغیر گھر یا دفتر میں کھو جانے والے فون کی تلاش بہت مشکل ہو جاتی ہے، ایسے میں اگر فون چوری ہو جائے یا کسی عوامی مقام پر کھو جائے تو اس کا حصول مزید دشوار ہو جاتا ہے۔
اینڈرائڈ یا آئی فون ڈیوائسز پر ٹریکنگ سروسز کا استعمال کر کے بہت سے مزید فائدے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں پولیس یہ جان سکتی ہے کہ آپ کی ڈیوائس اس وقت کہاں ہے، نتیجتا اسے دوبارہ حاصل کرنا ممکن ہو جاتا ہے۔
فون قریب نہ ہوتے ہوئے بھی اس کا ڈیٹا ڈیلیٹ کیا جا سکتا ہے، حتیٰ کہ گمشدہ فون اگر کسی دوسرے فرد کو ملے تو آپ اس سے رابطہ کر کے لوکیشن کی معلومات کے ذریعے فون دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔