پاکستان میں چوری اور گمشدہ فون بلاک کرنے کے لیے نیا نظام نافذ
فون مل جانے پر اسی طریقے پر عمل کر کے فعال بھی کرایا جا سکے گا (فوٹو: پکسابے)
پاکستان میں ٹیلی مواصلات سے متعلق ادارے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے حالیہ اقدام کے بعد گم ہو جانے والے، چوری شدہ یا چھینے گئے موبائل فونز بھی ذاتی ڈیٹا کی چوری کا باعث نہیں بن سکیں گے۔ اگر صارف کے پاس اپنے ضائع شدہ فون کا آئی ای ایم آئی نمبر ہو توایسے فون سیٹس کو بلاک کیا جا سکے گا۔
پی ٹی اے کے اعلان کے مطابق ادارے نے گمشدہ، چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فونز کو بلاک کرنے کے لیے نئے خود کار ’گمشدہ اور چوری شدہ ڈیوائس سسٹم‘ (ایل ایس ڈی ایس) کا آغاز کر دیا ہے۔
نیا نظام ان صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوگا جو موبائل فون چوری ہونے، چھینے جانے یا گم ہو جانے کی صورت میں اسے بلاک کرانا چاہتے ہیں۔ صارفین اپنے موبائل کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے لیے ایسے فون سیٹ کے آئی ایم ای آئی بلاک کرانے کے لیے پی ٹی اے کو درخواست دے سکتے ہیں۔
ایل ایس ڈی ایس ایک ایسا خودکار نظام ہے جو پی ٹی اے کی ڈیوائس آئیڈینٹٹی فیکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کے ساتھ منسلک ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق چوری شدہ موبائل فون شکایت کے اندراج اور اس سے متعلق ضروری تصدیق کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر ادنر بلاک کر دیا جائے گا۔
فون بلاک کرنے کی درخواست کیسے؟
پی ٹی اے کے مطابق صارفین ادارے کی آفیشل ویب سائٹ پر موجود آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس) کے ذریعے فون بلاکنگ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ مزید معلومات / سولات کے لیے صارف پی ٹی اے کنزیومر سپورٹ سینٹر (CSC) کے ٹول فری نمبر 0800-55055 پر (ہفتے کے ساتوں دن صبح 9 سے رات 9 بجے تک) رابطہ کرسکتے ہیں۔
بلاکنگ درخواست کے کامیاب اندراج کے بعد درخواست کنندہ کو ایک حوالہ نمبر فراہم کیا جائے گا۔
گمشدہ فون مل جانے کی صورت میں شکایت کنندہ کو آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ان بلاکنگ کے لیے بھی اسی طریقے پر عمل کرنا ہوگا اور شکایتی حوالہ نمبر کے ساتھ دیگر لازمی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی، یہ وہی معلومات ہوں گی جو صارف نے فون بلاک کراتے وقت فراہم کر رکھی ہوں گی۔
پی ٹی اے کی جانب سے موبائل فون ان بلاک ہوجانے کے بعد صارف کو اس کے فراہم کردہ نمبر پر ایک ایس ایم ایس موصول ہو گا۔
اب تک موبائل فون صارفین چوری، گمشدگی یا چھننے کی صورت میں سی پی ایل سی، کراچی کے توسط سے ہی پی ٹی اے کے ٹول فری نمبر-25625 0800 پر فون یا [email protected] پر ای میل کر کے فون کو بلاک کرا سکتے تھے، ان بلاکنگ کے بھی یہی طریقہ کار میسر تھا۔
حالیہ پیش رفت کے بعد پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ نیا نظام متعارف ہونے کے بعد اب فون بلاک یا ان بلاک کرانے کے لیے سی پی ایس ایل کے ذریعے استعمال کیے جانے والے ذرائع دستیاب نہیں ہوں گے۔
موبائل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر کیسے معلوم کریں؟
پاکستان میں موجود صارفین اپنے موبائل فون کے کال آپشن (ڈائلر) میں جا کر *#06# ڈائل کریں تو ان کے فون سیٹ کا آئی ایم ای آئی نمبر دکھائی دے سکتا ہے۔
جنوری 2021 کے اختتام تک کے پی ٹی اے ڈیٹا کے مطابق ملک میں موبائل فون سبسکرائبرز کے تعداد 18 کروڑ سے زائد ہو چکی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں موبائل براڈبینڈ صارفین کی تعداد 10 کروڑ سے زائد ہو چکی ہے۔ 2012 میں صرف 20 لاکھ افراد موبائل براڈبینڈ استعمال کرتے تھے تاہم تھری جی متعارف کرائے جانے کے بعد گذشتہ برسوں میں یہ تعداد تیزی سے بڑھی ہے۔