’اسلامی عسکری اتحاد مکمل اور مربوط نظام کے تحت کام کر رہا ہے‘
اسلامی اتحاد عسکری محاذ پر دہشت گردوں سے لڑ رہا ہےـ (فوٹو: ایس پی اے)
انسداد دہشت گردی کے اسلامی فوجی اتحاد کے سیکریٹری جنرل میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی سے منگل کو ہیڈکوارٹر ریاض میں اقوام متحدہ کے ماتحت انسداد دہشت گردی سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جہانگیر خان اور ان کے ہمراہ آئے وفد نے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انہوں نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے اسلامی اتحاد کی کوششوں کا جائزہ لیا۔ اسلامی اتحاد فکری و ابلاغی انسداد کے علاوہ دہشت گردی کی فنڈنگ اور عسکری محاذ پر دہشت گردوں سے لڑ رہا ہے۔
اس موقع پر اتحاد میں شامل ممالک کی کوششوں میں یکجہتی پیدا کرنے اور یکجہتی کا معیار بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کا اسلامی عسکری اتحاد مکمل اور مربوط نظام کے تحت کام کر رہا ہے۔ یہ رکن ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ اس کی توجہات کا محور خودمختاری اور قانونی اقدار ہیں۔ یہ اسلامی فوجی اتحاد، بین الاقوامی قوانین و روایات کے مطابق ہی دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار ہے۔
ڈاکٹر جہانگیر خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کا مرکز برائے انسداد دہشت گردی مختلف شعبوں میں دہشت گردی کی بیخ کنی کے حوالے سے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انتہا پسندی، شدت پسندی اور دہشت گردی کی آفت کو مٹانے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مرکز مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل جل کر متعدد اقدامات کررہا ہے۔ عالمی مرکز دہشت گردی سے متاثر ممالک کی مدد بھی کررہا ہے۔
ڈاکٹر جہانگیر خان نے اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی کے قیام کے لیے گرانقدر کوششوں اور بہترین سہولتیں فراہم کرنے پر سعودی عرب کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں