عسیر ریجن میں مسلسل بارش، گہرے بادل اور دھند، سیاحوں کے مزے
عسیر ریجن میں مسلسل بارش، گہرے بادل اور دھند، سیاحوں کے مزے
بدھ 4 اگست 2021 5:30
سیاح اور فوٹو گرافی کے شائقین اس سے لطف اٹھا رہے ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں دنوں گرمی کی شدید لہر سے مقامی شہری اور مقیم غیرملکی پریشان ہیں۔
دوسری جانب عسیر ریجن میں بارش اور گہرے بادلوں نیز دھند نے موسم خوشگوار بنایا ہوا ہے۔ سیاح اور فوٹو گرافی کے شائقین اس سے لطف اٹھا رہے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عسیر کاعلاقہ اگست میں معتدل آب و ہوا کی انمول نعمت سے مالا مال ہے۔
یہاں درجہ حرارت 20 سے 25 سینٹی گریڈ کے درمیان ہے۔ بارش ہوتی ہے تو درجہ حرارت گر کر 15 سینٹی گریڈ تک آجاتا ہے۔ خصوصا السودۃ تفریحی مقام کا موسم انتہائی خوشگوار ہے۔
اس سال موسم گرما کے دوران عسیر ریجن میں مسلسل بارش اور گھنے بادلوں کے دلکش مناظر سے لطف اٹھانے کے لیے ہزاروں سعودی اور مقیم غیرملکی عسیر پہنچے ہیں۔
مملکت کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں کے لوگ عسیر کا رخ نہ کررہے ہوں۔ یہاں بیشتر سیرگاہیں اور پبلک پارک سیر کے لیے آنے والوں سے آباد ہیں۔
سورج غروب ہوتے ہی آسمان سے بارش کی رم جھم شروع ہوجاتی ہے۔ سیاح اس منظر سے لطف اٹھانے کے لیے پہلے سے ہی تیار ہوتے ہیں۔
فوٹو گرافی کے شائقین اپنے کیمروں کے رخ پہاڑی مقامات اور تفریحی مراکز کی طرف کیے رہتے ہیں- فورا ہی وڈیو اور فوٹو گرافی کرکے کلپس و تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالتے رہتے ہیں- انہیں دیکھ کر مزید سیاح یہاں آنے کا پروگرام بنا رہے ہیں۔