Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاپنگ مال میں گھومنے پھرنے والا کورونا کا مریض گرفتار

’آئیسولیشن کی خلاف ورزی اور لوگوں میں وائرس پھیلانے پر مذکورہ شخص کو ایک سے 5 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
حائل پولیس نے شاپنگ مال میں گھومنے پھرنے والے کورونا کے مریض کو گرفتار کر لیا ہے۔
 سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مذکورہ شخص نے کورونا لاحق ہونے کے باوجود شاپنگ مال میں گھومنے پھرنے کی ویڈیو فخریہ طور پر سوشل میڈیا میں شیئر کی ہے۔
حائل ریجن پولیس کے ترجمان کیپٹن طارق النصار نے کہا ہے کہ ’ویڈیو وائرل ہونے پر دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔‘
’ان میں سے ایک فرد کورونا کا شکار تھا جبکہ دوسرا اس کا ساتھی تھا جس نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔‘
پولیس ترجمان کے مطابق ’دونوں سعودی شہری ہیں اور عمر کی تیسری دہائی میں ہیں، ان سے تفتیش جاری ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’مذکورہ شخص نے آئیسولیشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوسرے افراد کے لیے خطرہ پیدا کیا ہے۔ اس نے جان بوجھ کر وائرس پھیلانے کی کوشش کی اور اس پر مستزاد یہ کہ اس نے یہ کام فخریہ انداز میں پیش کیا ہے۔‘
ترجمان نے کہا ہے کہ ’آئیسولیشن کی خلاف ورزی اور لوگوں میں وائرس پھیلانے پر مذکورہ شخص کو ایک سے پانچ برس قید اور پانچ لاکھ ریال تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’کورونا کے شکار افراد کے لیے لازمی ہے کہ وہ آئیسولیشن کی پابندی کریں۔‘

شیئر: