’عرب پارلیمان مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتی ہے‘
عرب پارلیمنٹ کے صدر نے کہا کہ ’پاکستان عرب دنیا میں ایک اہم ملک تصور کیا جاتا ہے‘ (فوٹو: قومی اسمبلی سیکرٹریٹ)
پاکستان کے دورے پر موجود عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمان العسومی کی سربراہی میں وفد نے قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری سے ملاقات کی۔
ڈپٹی سپیکر سے گفتگو کرتے ہوئے عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمان العسومی نے کہا کہ ’پاکستان عرب دنیا میں ایک اہم ملک تصور کیا جاتا ہے۔‘
عرب پارلیمنٹ کے صدر نے کہا کہ ’فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر پاکستان اور پاکستانی عوام نے ہمیشہ عالمی اور علاقائی فورمز پر اپنی آواز بلند کی ہے۔‘
انہوں نے تسلیم کہا کہ ’امہ میں امن اور بھائی چارے کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عرب پارلیمان مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتی ہے۔‘
انہوں نے حکومت پاکستان اور پاکستان کی پارلیمان کی جانب سے مہمان نوازی پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پر قاسم خان سوری نے کہا کہ ’مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستان کی قیادت خطے اور عالمی سطح پر امن و بھائی چارے کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔‘
ڈپٹی اسپیکر نے پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان بین الپارلیمانی تعاون کو سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے اسے بڑھانے پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مسلمان ممالک مل کر اسلامو فوبیا، غربت، کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات اور دیگر مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر سکتے ہیں۔‘