چینی سفیر کی خالد منصور کو نامزدگی پر مبارک باد
چینی سفیر نے لکھا کہ ’ہمارا تعاون قیمتی بنے گا، دوستی پھلے پھولے گی اور کوششیں تسلیم کی جائیں گی‘ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے امور کو دیکھنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کے نئے معاون خصوصی خالد منصور کو ان کی نامزدگی پر مبارک باد دی ہے۔
چینی سفیر نے کہا ہے کہ ’وہ مشترکہ طور پر سی پیک کے اعلیٰ معیار کو آگے بڑھانے میں ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔‘
بونگ رونگ نے سی پیک اتھارٹی کے سابق چیئرمین عاصم سلیم باجوہ کا منصوبے کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
بدھ کے روز چینی سفیر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’ہمارا تعاون قیمتی بنے گا، دوستی پھلے پھولے گی اور کوششیں تسلیم کی جائیں گی۔‘
خیال رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے منگل کو سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ کی جگہ خالد منصور کو سی پیک کے امور پر اپنا معاون خصوصی لگانے کی منظوری دی تھی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے عاصم باجوہ کی سی پیک کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے خالد منصور کے تقرر کا خیرمقدم کیا تھا۔
منگل کو عاصم سلیم باجوہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اللہ کے سامنے اپنا سر جھکاتا ہوں جس نے مجھے سی پیک اتھارٹی جیسے اہم ادارے کو آگے بڑھانے کا موقع دیا۔
’یہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت کے اعتماد اور حمایت کے بغیر ممکن نہ تھا۔‘
پاکستان میں سی پیک اتھارٹی کے نئے چیئرمین خالد منصور سنہ 2013 میں حب پاور کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو بنے تھے۔
انہوں نے کیمیکل انجینیئرنگ میں آنرز کر رکھا ہے۔
خالد منصور کا انرجی اور پیٹروکیمیکل کے شعبے میں 32 سال کام کا تجربہ ہے جس میں انہوں نے پروجیکٹ ڈیویلپمنٹ، ایگزیکیوشن، مینجمنٹ اور آپریشنز میں اہم کردار ادا کیا۔