مملکت بھر میں دیواروں پر عربی رسم الخط پروگرام کا آغاز
دوسرا مرحلہ باحہ ریجن میں ستمبر سے شروع کیا جائے گا( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت ثقافت نے جمعہ 6 اگست سے مملکت کے دس مقامات پر دیواروں پرعربی رسم الخط پروگرام کا آغاز کیا ہے جو جنوری 2022 تک جاری رہے گا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت ثقافت ’عربی رسم الخط کا سال‘ منا رہی ہے۔ اس کے تحت وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کے تعاون سے عربی رسم الخط کے فروغ کا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
دیواروں پر عربی رسم الخط پروگرام حدود شمالیہ ریجن کے شہر عرعر سے شروع کیا گیا ہے جہاں تین دن تک سلسلہ جاری رہے گا۔
اس کے بعد الجوف ریجن کے شہر سکاکا، پھر تبوک اور اس کے بعد قصیم میں یہ پروگرام شروع کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے کا اختتام عسیر ریجن کے شہر ابہا میں ہوگا۔
دوسرا مرحلہ باحہ ریجن میں ستمبر سے شروع کیا جائے گا۔ حائل، مدینہ منورہ (العلا)، الاحسا اور جازان میں بھی دیواروں کو عربی رسم الخط سے مزین کیا جائے جائے گا۔
ہر علاقے کے خوشنویس اور گرافک آرٹسٹ عربی رسم الخط کے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ معاشرے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی اس میں حصہ لینے کا موقع دیا جائے گا۔