اتحادی افواج نے خمیس مشیط کی طرف داغے جانے والا حوثی ڈرون مار گرایا
عرب اتحاد کا کہنا تھا کہ ’خطرے کی جڑ سے نمٹنے کے لیے‘ اقدامات کیے جارہے ہیں۔‘
سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد نے یمن کی حوثی ملیشیا کے جانب سے خمیس مشیط کی طرف داغے جانے والا بارودی مواد سے بھرا ڈرون مار گرایا ہے۔
عرب نیوز نے الاخباریہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ عرب اتحاد کا جمعے کے روز کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا کی ’شہریوں کو ہدف بنانے کی جارحانہ کوششوں کو روک کر ختم کردیا گیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’خطرے کی جڑ سے نمٹنے کے لیے‘ اقدامات کیے جارہے ہیں۔‘
واضح رہے کہ ایران حامی حوثی ملیشیا سعودی عرب کو نشانہ بنانے کے لیے باقاعدگی سے ڈرون داغتی ہے۔
عرب اتحاد بین الاقوامی سطح پر تسلیم کی جانے والی یمنی حکومت کے حق میں ہے۔
واضح رہے کہ 2014 میں حوثیوں نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد سے یمن کی حکومت کا ملک پر جزوی اقتدار قائم ہے۔
عالمی برادری کی جانب سے سعودی عرب کے شہریوں کو نشانہ بنانے کی حوثی باغیوں کی کوششوں مذمت کی گئی ہے۔
سعودی عرب اور اس کے دیگر اتحادی ممالک حوثیوں کے حملوں کو جنگی جرائم قرار دیتے ہیں۔
پیر کو عرب اتحاد نے جنوبی صوبے عسیر میں واقع شہر کی جانب داغے جانے والے دیگر دو ڈرونز بھی مار گرائے تھے۔