نور مقدم قتل کیس: ملزم ظاہر جعفر کا مالی بھی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں
اسلام آباد میں سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کے قتل کے مقدمے میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے ایک ملازم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔
سنیچر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں مقدمے کے تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو ملزم کی تفصیلات اور کیس کی تفتیش اور دیگر حقائق پیش کیے۔
ملزم جان محمد ولد خان محمد سکنہ مانسہرہ ملزم ظاہر جعفر کے گھر میں مالی تھے اور واقعے کے روز موقع وہاں موجود تھے۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کردی۔
عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ ملزم کو آئندہ 28 اگست 2021 کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم صادر فرمایا۔
خیال رہے کہ رواں برس 20 جولائی کو سابق سفیر شوکت مقدم کی صاحبزادی نور مقدم کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔
اس مقدمے کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر اور اس کے والدین سمیت دیگر ملزمان کا نام ای سی ایل میں شامل ہے جبکہ مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو راولپنڈی کے اڈیالہ جیل میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا گیا ہے۔
ظاہر جعفر کو جوڈیشل میجسٹریٹ کے سامنے 16 اگست کو پیش کیا جائے گا۔