Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم نے لاہور واقعے کا نوٹس لے لیا، ایمنسٹی کا خواتین کو تحفظ دینے کا مطالبہ

شہباز گل کے مطابق ’واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا‘ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
وزیراعظم عمران خان نے اقبال پارک لاہور میں خاتون ٹک ٹاکر کے ساتھ پیش آنے والے بدسلوکی کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی خاتون کو ہجوم کی جانب سے ہراساں کرنے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری بیان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ ’ایک ایسے وقت جب ملک نور مقدم اور قرۃ العین کے قتل کی ہولناکی سے گزر رہا تھا، اسی دوران لاہور میں ایسا واقعہ ایسا ہوجانا مزید خوف کو بڑھا رہا ہے۔‘
’حکام فوری طور پر ملوث افراد کا احتساب کریں اور خواتین کو عوامی مقامات پر مزید تحفظ فراہم کریں۔‘
یاد رہے کہ منگل کے روز شاہدرہ لاہور کی رہائشی عائشہ اکرم نے تھانہ لاری اڈہ میں درخواست دی تھی کہ ’وہ 14 اگست کو شام ساڑھے چھ بجے اپنے ساتھی کارکن عامر سہیل، کیمرہ مین صدام حسین اور دیگر چار ساتھیوں کے ہمراہ گریٹر اقبال پارک میں مینار کے قریب یوٹیوب کے لیے ویڈیو بنا رہی تھیں کہ اچانک وہاں موجود تین چار سو افراد نے ان پر حملہ کردیا۔‘
ایف آئی آر کے مطابق عائشہ اکرم کا کہنا ہے کہ ’انہوں نے ہجوم سے نکلنے کی بہت کوشش کی لیکن ناکام رہیں تاہم گارڈ کی جانب سے جنگلے کا دروازہ کھولے جانے کے بعد وہ اندر چلے گئے۔‘

ایف آئی آر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس کے بعد بھی ہجوم جنگلے پھلانگتا ہوا ان کے پیچھے آیا، اس میں شامل لوگوں نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی، کپڑے پھاڑ دیے اور ان کے ساتھ غیر اخلاقی سلوک کرتے رہے۔
دوسری جانب نور مقدم قتل کیس میں پولیس ظاہر جعفر اور ان کے والدین سمیت ایک درجن سے زائد افراد کو کر چکی ہے۔
ملزمان کو سخت ترین سزائیں دیں گے: شہباز گل
اس افسوسناک واقعے پر ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل  نے کہا ہے کہ ’بہت جلد گریٹر اقبال پارک مینار پاکستان کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو پولیس گرفتار کرکے سخت ترین کارروائی کرے گی۔‘

’اعلیٰ پولیس افسران لاہور واقعے کی ویڈیوز کا جائزہ لے چکے۔ اب ان ویڈیوز سے ملزمان کی شناخت، نام، ولدیت اور پتہ نادرا سے معلوم کریں گے۔‘
شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ ’قانون ہر صورت ان ملزمان کو سخت ترین سزائیں دے گا۔‘

شیئر: