دوسرا ٹیسٹ: بابر اعظم اور فواد عالم ٹیم کو سہارا دینے میں کامیاب
فواد عالم 76 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی
کنگسٹن میں دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے کپتان بابر اعظم اور زخمی ہو جانے والے فواد عالم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت چار وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز سکور کیے ہیں۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو اوپنرز ایک بار پھر وکٹ پر نہ ٹِک سکے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ دو کے مجموعی سکور پر گری جب عابد علی ایک رنز بنانے کے بعد روچ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ بھی دو رنز پر گری جب اظہر علی بغیر کھاتہ کھولے روچ کی ہی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔
اس کے بعد تیسری وکٹ بھی دو کے ہی مجموعی سکور پر گری جب عمران بٹ پویلین لوٹ گئے۔
چوتھے اوور میں تین وکٹیں کھونے والی پاکستان کی بیٹنگ لائن کو کپتان بابر اعظم نے فواد عالم کے ساتھ مل کر سہارا دیا۔
جب مجموعی سکور 160 پر پہنچا تو فواد عالم ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے، انہوں نے 76 رنز بنا رکھے ہیں۔
اس کے بعد کپتان بابر اعظم بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 75 کے انفرادی سکور پر روچ کی گیند پر ہولڈر کو کیچ دے بیٹھے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 168 تھا۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے فہیم اشرف کے ساتھ مل کر پاکستان کے سکور کو آگے بڑھایا اور پہلے دن کھیل کے اختتام تک دونوں بلے بازوں نے بالترتیب 22 اور 23 رنز بنا رکھے ہیں۔
خیال رہے کہ پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے تھی۔