سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو جدید آکسیجن پلانٹس کا عطیہ
اتوار 22 اگست 2021 12:26
وسیم عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
حکام کے مطابق سعودی عرب سے جدید ترین آکسیجن پلانٹس کی پہلی کھیپ لاہور پہنچی ہے جسے اسلام آباد پہنچایا گیا ہے (فائل فوٹو)
سعودی عرب نے پاکستان کو آٹھ جدید آکسیجن پلانٹس فراہم کر دیے ہیں جبکہ سعودی سفارت خانے کے مطابق عطیہ کیے گئے مزید پلانٹس کی فراہمی بھی پائپ لائن میں ہے۔
اسلام آباد میں اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے سعودی سفارت خانے کے میڈیا ڈائرکٹر فواز عبداللہ نے تصدیق کی کہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے تعاون سے سعودی عرب سے پاکستان کو جدید آکسیجن پلانٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل وزارت صحت کے حکام نے تصدیق کی تھی کی سعودی عرب سے جدید ترین آکسیجن پلانٹس کی پہلی کھیپ لاہور پہنچی ہے جسے اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق سعودی عرب سے ہسپتالوں میں آکسیجن پیدا کرنے والے آٹھ پلانٹس لاہور پہنچے ہیں۔ ایک آکسیجن پلانٹ 50 مریضوں کے لیے آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سعودی عرب سے پہنچنے والے آکسیجن پلانٹس پاکستان کے دوردراز کے ہسپتالوں کو فراہم کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں یہ آکسیجن پلانٹ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے دور دراز کے ہسپتالوں میں نصب کیے جائیں گے۔ جبکہ سندھ اور پنجاب کے چھوٹے سیکنڈری ہیلتھ کیئر ہسپتالوں میں بھی یہ آکسیجن پلانٹس نصب کیے جائیں گے۔
سعودی عرب اس طرح کے 18 آکسیجن پلانٹس پاکستان کو فراہم کرے گا جبکہ گلوبل فنڈ اس طرح کے 36 آکسیجن پلانٹ پاکستان کو فراہم کرنے جا رہا ہے۔