Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزارت ثقافت کا ذہین طلبا کے لیے انٹرنیشنل سکالرشپ کا اعلان

طلباء کے بیچ میں نصف سے زیادہ تعداد 63 فیصد خواتین موجود ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے فائل)
سعودی وزارت ثقافت  54 ذہین ترین سعودی  طلبا کومزید  اعلیٰ تعلیم کے لیے  بین الاقوامی اداروں میں  وظائف پر بھیج رہی ہے۔
سعودی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ثقافتی سکالرشپ پروگرام کا مقصد وزارت ثقافت  کی نگرانی میں فنون لطیفہ اور ثقافت کے شعبوں میں مہارت رکھنے والے  اہل اور باصلاحیت سعودی طلبا کو  لیبر مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق  تیار کرنا ہے۔
یہ سعودی عرب میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام سمجھا جا رہا ہے اس میں ٹیوشن فیس کے ساتھ ساتھ طلبا کے تمام تعلیمی اخراجات شامل ہیں۔

وظائف حاصل کرنے والوں میں 59 فیصد ماسٹر ڈگری کے لیے جائیں گے۔(فوٹو عرب نیوز)

طلبا کو جن شعبوں میں تعلیمی وظائف دیئے جائیں گے ان میں ادب، لسانیات، فیشن ڈیزائننگ، فلم سازی، فنون لطیفہ، آثار قدیمہ، تھیٹر، لائبریری، عجائب گھر، فن تعمیر اور موسیقی کی تعلیم شامل ہے۔
وظائف حاصل کرنے میں کامیاب ہونے والے طلبا میں 59 فیصد ماسٹر ڈگری حاصل کرنے جائیں گے جب کہ دیگر وظائف انڈرگریجویٹ طلبا کے لیے ہیں۔
یہ طلبا دنیا کے مشہور انسٹی ٹیوٹ اور یونیورسٹیوں میں شرکت کریں گے جن میں قابل ذکر رائل ہولووے (یونیورسٹی آف لندن)، جارج ٹاؤن یونیورسٹی، پارسنز سکول آف ڈیزائن اور نیویارک میں پراٹ انسٹی ٹیوٹ، یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا میں ہے۔

یہ طلبا دنیا کے مشہور انسٹی ٹیوٹ اور یونیورسٹیوں میں شرکت کریں گے۔(فوٹو عرب نیوز)

اس کے علاوہ رائل کالج آف آرٹ، رائل اکیڈمی آف کولنیری آرٹس، کوئین میری یونیورسٹی آف لندن، نیدرلینڈز میں ڈیلفٹ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، یونیورسٹی آف کیلیفورنیا (بارکلے)، پولی ٹیکنک یونیورسٹی آف میلانو اور سکول آف دی آرٹ انسٹی ٹیوٹ آف شکاگو بھی سکالر شپ کے طلبا کی لسٹ میں ہیں۔
اس پروگرام میں حصہ لینے والے طلباء کا تیسرا بیچ 54  طلبا پر مشتمل ہے۔ جن میں نصف سے زیادہ تعداد یعنی 63 فیصد خواتین موجود ہیں۔
 پہلے بیچ میں 79 طلبا کا گروپ تھا جبکہ دوسرے میں 149 طلبا و طالبات شامل تھیں۔
 

شیئر: