’ملازمت کے معاہدوں کی آن لائن توثیق ضروری‘
معاہدے کی توثیق سے آجر اور اجیر دونوں کے حقوق کو تحفظ ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ ’ملازمت کے معاہدے کی توثیق سے آجر اور اجیر دونوں کے حقوق کو تحفظ حاصل ہوتا ہے اور اس کے تین فائدے ہیں۔‘
الاخباریہ چینل کے مطابق سیکریٹری افرادی قوت و سماجی بہبود سطام الحربی نے کہا کہ ’ملازمت کے معاہدوں کی توثیق کا پروگرام سعودی اور ہر غیرملکی ملازم کے لیے ہے۔ سعودی یا غیرملکی ملازم کے حقوق ریکارڈ پر آجاتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ’ نجی اداروں کا سب سے اہم پروگرام یہی ہے کہ ہر سعودی اور غیرملکی ملازم کی ملازمت کا معاہدہ آن لائن ریکارڈ پر ہو۔‘
اس کی بدولت اس کے تمام حقوق ایک دستاویز کی شکل اختیار کر لیتے ہیں تاہم یہ ضروری ہے کہ ملازمت کا معاہدہ فریقین کی جانب سے منظور شدہ ہو۔ اسی صورت میں ملازمت کا معاہدہ ایک قانونی دستاویز کی شکل اختیار کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ’ قانون محنت سے تعلق رکھنے والے نجی اداروں کے یہاں ملازمت کے تمام معاہدے اس میں شامل ہیں۔ ان دنوں لیبر مارکیٹ میں کوئی بھی کارکن قدم رکھتا ہے وہ غیرملکی ہو یا سعودی ملازمت کے معاہدے کی توثیق آن لائن ضروری ہوتی ہے۔‘
سیکریٹری افرادی قوت و سماجی بہبود کا کہنا تھا کہ ’اس کے بعد ہی آجر اور اجیر کے تعلقات قائم ہوتے ہیں۔ تنازعے کی صورت میں ملازمت کا یہی مصدقہ معاہدہ لیبر کورٹس میں پیش کیا جاتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ’ فی الوقت نجی اداروں کے ملازمین کے 60 فیصد معاہدوں کی آن لائن توثیق ہے۔‘