Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رش بڑھنے پر سعودی عرب کے لیے مزید فلائٹس چلا سکتے ہیں: پی آئی اے

سعودی عرب نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے مقیم غیر ملکیوں کو مملکت آنے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد پاکستان میں سعودی عرب جانے کے خواہش مند افراد کی ایک بڑی تعداد اپنے ٹریول ایجنٹس کے دفاتر کا رخ کر رہی ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اس حوالے سے بدھ کو اردو نیوز کو بتایا کہ اجازت کے احکامات سعودی عرب کی جانب سے کل رات کو ہی جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے نے سعودی عرب میں فلائٹ آپریشن بند نہیں کیے تھے اور ریاض اور جدہ سے کچھ فلائٹس مسلسل پاکستانیوں کو وطن لے کر آ رہی ہیں۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ’اگر سعودی عرب کی جانب سے جاری ہونے والے احکامات کے بعد وہاں جانے والوں کی تعداد بڑھتی ہے تو پی آئی اے فلائٹس کی تعداد بڑھا سکتا ہے۔‘
سعودی عرب نے منگل کو دو مزید کورونا ویکسینز سائنو ویک اور سائنو فارم کی منظوری دے دی ہے تھی تاہم اس کے ساتھ مملکت میں منظور شدہ ویکسین کی تیسری خوراک لینی ہوگی۔

سعودی عرب نے منگل کو سائنو ویک اور سائنو فارم کی منظوری دی ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)

عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’وہ افراد جنہوں نے چینی ویکسین سائینو فام یا سائنو ویک کی دو خوراکیں لی ہوئی ہیں وہ مملکت میں داخل ہو سکتے ہیں۔‘
’تاہم انہیں ان دو خوراکوں کے ساتھ ایک بوسٹر ڈوز بھی لگوانا ہوگی جو مملکت میں منظور شدہ ویکسین میں سے ایک ہو۔
سائینو فام  یا سائنو ویک کی منظوری کے بعد اس وقت سعودی عرب میں منظور شدہ ویکسین کی تعداد چھ ہو چکی ہے۔ دیگر چار منظور شدہ ویکسین میں فائزر، ایسٹرازنیکا، جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایویشن کی جانب سے جاری شدہ سرکولر کے مطابق وہ عمرہ زائرین جنہوں نے کوئی بھی ایک منظور شدہ ویکسین لگوائی ہو وہ سعودی عرب آنے کے اہل ہوں گے۔
لیکن ان تمام افراد کو اپنے ممالک کی جانب سے جاری شدہ ویکسی نیشن سرٹفکیٹ اپنے ساتھ رکھنا ہوگا اور سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل کورونا وائرس کا پی سی آر ٹیسٹ بھی لازمی کرانا ہوگا۔
پاکستان کے بڑے شہروں میں موجود ٹریول ایجنٹس نے اردو نیوز کو تصدیق کی ہے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس حوالے سے معلومات لینے کے لیے یا تو ان کے دفاتر آ رہی ہے یا فون کر رہی ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے سعودی عرب میں فلائٹ آپریشن بند نہیں کیے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد میں موجود رحمان ٹریولز سے منسلک ٹریول ایجنٹ عمران اختر نے اردو نیوز کو بتایا کہ چونکہ سعودی عرب سفر کی اجازت کی خبر کل ہی میڈیا کے ذریعے لوگوں تک پہنچی ہے۔ اس لیے لوگ ابھی صرف معلومات لینے کے لیے ان سے رابطہ کر رہے ہیں۔
’ہم ابھی سعودی عرب جانے یا عمرہ کرنے کے خواہش مند لوگوں کی تفصیلات لے رہے ہیں اور جیسے ہی ائیرلائنز کی جانب سے مزید احکامات آتے ہیں ٹکٹ کی بکنگ کھول دی جائے گی۔
کراچی میں مقیم ٹریول ایجنٹ زاہد کہتے ہیں کہ ابھی لوگ یقیناً ویکسین سے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں۔
’جیسے ہی انہیں معلومات مل جائیں گی تو اگلا مرحلہ ٹکٹ بکنگ کا ہوگا اور میرے خیال میں اس کے بعد لوگوں کی ایک بڑی تعداد بکنگ آفس کا رخ کرے گی۔
لاہور میں موجود بلس ٹریولز سے منسلک ایجنٹ ایمن کہتی ہیں کہ ان نئے احکامات اور اجازت سے متعلق معلومات لوگوں کو دینے کی ضرورت ہے۔
’اچانک میڈیا کے ذریعے خبر چلی ہے اور اب لوگوں کو یہ بھی نہیں پتہ کہ ان کو کس ویکسین کی کتنی ڈوز لگوانی ہے۔‘

شیئر: