جدہ میں پاکستانی نائٹ، ملکی ثقافت کے تمام رنگ، ہزاروں افراد کی شرکت
جدہ میں پاکستانی نائٹ، ملکی ثقافت کے تمام رنگ، ہزاروں افراد کی شرکت
ہفتہ 28 اگست 2021 1:09
سعودی نیشنل ایونٹ سینٹر کے تحت سعودی ٹورزم اتھارٹی اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے تحت جمعہ 27 اگست کو پاکستانی نائٹ میں کمیونٹی کے ہزاروں افراد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ موجود تھے۔
الفروسیہ کلب طریق عسفان جدہ میں پروگرام جمعے کی شام سے رات 12 بجے کے بعد تک جاری رہا۔ پاکستان کی ثقافت کے تمام رنگ دیکھنے کو ملے۔
کمیونٹی کی بڑی تعداد مقررہ وقت سے پہلے ہی الفروسیہ کلب طریق عسفان پہنچنا شروع ہوگئی۔ بیشتر پاکستان کے جھنڈے اٹھائے خوشی کا اظہار کرتے رہے۔
لوک گیت اور رقص، پتلی تماشا، پاکستانی فوڈ، ثقافتی اسٹالز، میوزک بینڈ، بچوں کے لیے پلے ایریا، لکی ڈرا، پاکستانی آرٹسٹوں کی آرٹ گیلری سمیت بہت کچھ بہت کچھ موجود تھا۔
پاکستانی نائٹ کے لیے کمیونٹی میں پہلے سے جوش وخروش تھا۔ ایونٹ سے پانچ دن پہلے ہی تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے تھے۔
پروگرام کے آغاز میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا وڈیو پیغام سنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی لازوال ہے اور یہ ایونٹ اس بات کا ثبوت ہے‘۔
پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے ایونٹ میں بڑی تعداد میں شرکت پر کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ’ اسے کامیاب بنانے میں میڈیا کا بھی اہم کردار ہے‘۔
قبل ازیں سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی مشیر نوشین احمد نے بتایا تھا کہ پاکستانی نائٹ کے لیے ’ساڑھے تین ہزار ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں۔ کراوڈ منیجمنٹ، سیکیورٹی اور خاص مہمانوں سمیت ایونٹ میں پانچ ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے اور یہ جدہ کے بڑے کمیونٹی ایونٹس میں سے ایک ہوگا‘۔
سعودی ٹورزم اورانٹرٹینمنٹ اتھارٹی سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ عالمی معیارکا وینیو، اسٹیج، ساونڈ سسٹم اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ سعودی نیشنل ایونٹ سینٹر کے تحت سعودی ٹورزم اتھارٹی اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی جدہ میں فلپائنی نائٹ کا کامیابی سے انعقاد کرچکی ہے۔ پاکستانی نائٹ کے بعد تین ستمبر کو انڈین نائٹ کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔