سمر آف سعودی عرب 2021 کے لیے پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ٹورزم اتھارٹی نے جدہ میں فلپائن، پاکستانی اور انڈین تارکین وطن کے لیے کمیونٹیز ایونٹ کا آغاز کیا ہے تین راتوں میں تھیٹر پرفارمنس کی میزبانی کی جائے گی۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ سعودی سمر پروگرام کے حصے کے طور پر ہے جو 11 مقامات پر محیط ہے اور اس سال ستمبر کے آخر تک جاری رہے گا۔
ایونٹ عسفان روڈ پر الفروسیہ کلب میں منعقد کیا گیا ہے اور اس کا مقصد تین راتوں میں وزیٹرز، شہریوں اور رہائشیوں کو راغب کرنا ہے۔
فلپائن نائٹ جمعے کو منعقد کی گئی تھی جس نے بڑے ہجوم کو راغب کیا۔ اس کے بعد 27 اگست کو پاکستان اور 3 ستمبر کو انڈین نائٹ ہو گی۔
تینوں ایونٹس میں تھیٹریکل اور میوزیکل پرفارمنس کے ساتھ ساتھ ایک مخصوص اور منفرد کردار کے ساتھ شوز شامل ہیں جو شرکت کرنے والے ممالک کی روح کی عکاسی کرتے ہیں۔
ایونٹ میں بچوں کا پلے ایریا اور خاندان کے تمام افراد کے لیے تفریحی سرگرمیاں بھی ہیں۔
سیاح اور وزیٹزر جو ایونٹ کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں وہ ’سپرٹ آف سعودی عرب‘ پلیٹ فارم آن وزٹ سعودی ڈاٹ کام پر جا سکتے ہیں۔
اگست کے اوائل میں پوری مملکت کے چھ شہروں میں اہم تقریبات نیشنل سینٹر فار ایونٹس کے تعاون سے شروع کی گئیں۔
اتھارٹی نے مجموعی طور پر 300 سے زیادہ سرگرمیوں اور پروگراموں کی میزبانی کا منصوبہ بنایا ہے۔
27 اگست کو پاکستان اور 3 ستمبر کو انڈین نائٹ ہو گی( فوٹو ایس پی اے)
واضح رہے کہ سعودی ٹورازم اتھارٹی نے ’اوور سمر، یوور موڈ ‘ کے سلوگن کے تحت اپنے پورٹل سعودی عرب سپرٹ کے ذریعے سمر آف سعودی عرب 2021 کے لیے پروگرام شروع کیا ہے۔
یہ پروگرام 24 جون سے ستمبر کے اختتام تک 11 سیاحتی مقامات تک جاری رہے گا جو قدرتی تنوع سے مالا مال ہیں۔
اس پروگرام میں نجی شعبے کے 250 سے زیادہ شراکت داروں کے ساتھ تعاون میں 500 سیاحتی تجربات شامل ہیں۔
ایونٹس اور ایکوا کی سرگرمیاں جدہ، ینبع، املج اور کنگ عبد اللہ اکنامک سٹی کے ساحلوں پر منعقد کی جائیں گی۔
یہ سرگرمیاں ٹھنڈے موسم کے دوران طائف، الباحہ اور عسیر کی بلندیوں کے ساتھ تبوک، العلا اور الاحسا سے لے کر ریاض تک کے تاریخی اور قدیم مقامات پر ہوں گی۔