Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کراچی سے لوگ اپنوں میں عید منانے۔۔‘ چاند نواب کی ویڈیو کی نیلامی

چاند نواب نے پہلے پہل اپنی ویڈیو نیلامی کی کم سے کم قیمت پانچ ایتھیریم یعنی 30 لاکھ روپے رکھی تھی۔(سکرین گریب)
پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ سے وابستہ رپورٹر چاند نواب اپنی ایک وائرل ویڈیو کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں، انہوں نے اس ویڈیو کو ایک کروڑ کے لگ بھگ رقم کی بیس پرائس پر این ایف ٹی (نان فنجیبل ٹوکن) نیلامی کے لیے پیش کیا ہے تاہم 10 دنوں میں ابھی تک اس پر کوئی بولی نہیں لگی۔
سنہ 2008 جب چاند نواب نجی چینل انڈس ٹی وی سے وابستہ تھے، تب عید کے موقع پر کراچی میں ریلوے سٹیشن سے مسافروں کی اندرون ملک روانگی پر ویڈیو رپورٹ بناتے ہوئے پی ٹی سی دیتے وقت انہیں کیمرے کے سامنے گزرتے لوگوں نے خاصا تنگ کیا تھا، جس پر وہ زچ ہوگئے تھے اور لوگوں کو غصے سے وہاں سے ہٹنے کا کہہ رہے تھے تاکہ وہ ٹرین کی روانگی سے قبل اپنا پی ٹی سی شوٹ کر لیں۔
یہ تمام منظر کیمرے میں عکس بند ہو چکا تھا جس کی ویڈیو بعد میں انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے سے چاند نواب کے صحافتی کیریئر پر منفی اثر ہی پڑا تھا، تاہم کئی برس بعد بالی وڈ کے اداکار نوازالدین صدیقی نے اس واقعے کی نقل کو فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں اپنے کردار پر فلمایا جس کے بعد سے چاند نواب پھر سے خبروں کی زینت بن گئے۔ اس فلم کے ہیرو سلمان خان تھے۔
پھر دوبارہ سے شہرت کی دیوی چاند نواب پر مہربان ہوئی تھی، ان کی وہی کوتاہی جو پہلے ان کے صحافتی کیریئر کے لیے منفی ثابت ہوئی تھی، اب کی بار ان کی شہرت کا باعث بن رہی تھی اور پاکستان کے علاوہ انڈیا کے عوام بھی ان سے واقف ہو چکے تھے۔ اس کے بعد ایک مقامی میڈیا چینل نے انہیں بطور رپورٹر نوکری پر رکھ لیا اور یوں پھر سے ان کا صحافتی کریئر رواں چل پڑا۔
اس بات کو اب کچھ سال بیت گئے تو چاند نواب نے اپنی اس ویڈیو کو آن لائن نیلامی کے لیے بنائے ایک پلیٹ فارم پر اپلوڈ کردیا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر دنیا بھر سے لوگ اپنے آن لائن فن پارے یا ڈیجیٹل آرٹ ورک نیلامی کے لیے رکھتے ہیں۔
چاند نواب نے 24 اگست کو ویڈیو اس پلیٹ فارم پر اپلوڈ کی تھی۔

ایک انٹرویو میں چاند نواب نے کہا تھا کہ فلم بجرنگی بھائی جان میں ان کے واقعے کو کردار کی شکل میں پیش کرنے کے عوض انہیں کسی رقم کی ادائیگی نہیں ہوئی۔(فوٹو: انڈیا ٹوڈے)

واضح رہے کہ اس پلیٹ فارم پر لین دین اور قیمت کا تعین کرپٹو کرنسی ایتھیریم میں کیا جاتا ہے۔ اس وقت ایک ایتھیریم کی قیمت پاکستانی چھ لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے، جبکہ چاند نواب نے اپنی ویڈیو کی نیلامی کی کم سے کم قیمت 20 ایتھیریم، یعنی لگ بھگ ایک کروڑ 20 لاکھ روپے رکھی ہے۔
پلیٹ فارم پر دیے گئے اصول و ضوابط سے معلوم ہوا کہ کسی بھی آئٹم پر بولی اس کی کم سے کم قیمت کے حساب سے کی جاتی ہے اور بولی کا اس متعین کردہ قیمت سے زیادہ ہونا ضروری ہوتا ہے ورنہ نیلامی کا عمل شروع نہیں ہوتا۔ جب پہلی بولی پڑ جائے تو اس وقت سے نیلامی کا عمل شروع ہوتا جو 24 گھنٹے جاری رہتا ہے اور پہلی بولی کے 24 گھنٹے بعد سب سے زیادہ قیمت لگانے والے کو وہ آئٹم فروخت کردیا جاتا ہے۔
چاند نواب نے پہلے پہل اپنی ویڈیو نیلامی کی کم سے کم قیمت پانچ ایتھیریم یعنی 30 لاکھ روپے رکھی تھی جسے دو دن بعد بڑھا کر 20 ایتھیریم کردیا گیا۔
اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر چاند نواب نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے اپنی ویڈیو کو نیلامی کے لیے رکھا ہے۔ تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ 10 دنوں میں کوئی بولی نہیں لگی تو انہوں نے اس بابت جواب دینے سے انکار کیا اور کہا کہ ’جلد ہی وہ اس حوالے سے تفصیلی بیان جاری کریں گے۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ قبل گجرانوالہ کے آصف رضا اپنی مشہورِ زمانہ ’فرینڈشپ میم‘ این ایف ٹی نیلامی کے ذریعے 86 لاکھ روپے میں نیلام کر چکے ہیں۔ آصف نے 2015 میں اپنے دوست مدثر سے دوستی ٹوٹنے کے واقعے کو ایک میم کے ذریعے انٹرنیٹ پر اپلوڈ کیا تھا، جو اپنے اچھوتے پن کی وجہ سے لوگوں میں بے پناہ مقبول ہوا۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر کے ہے ’بجرنگی بھائی جان‘ فلم آنے کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں چاند نواب نے کہا تھا کہ فلم پروڈیوسر کی جانب سے ان کے واقعے کو کردار کی شکل میں پیش کرنے کے حوالے سے کوئی رقم کی ادائیگی نہیں ہوئی۔ چاند نواب نے اس وقت اس بات کی درخواست بھی کی تھی کہ انہیں ’اس کا معاوضہ مل جائے تو اچھا ہوگا، وہ ایک غریب رپورٹر ہیں۔‘

شیئر: