Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شام لبنان کے لیے گیس و بجلی کی ترسیل میں مدد کے لیے تیار

چھ ملین سے زائد آبادی والا ملک لبنان شدید معاشی بحران سے دوچار ہے۔ (فوٹو العربیہ)
شام نے کہا ہے کہ بحران زدہ لبنان کو گیس اور بجلی کی ترسیل کے لیے اپنا زمینی راستہ دینے کی اجازت پر متفق ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق شام میں 10 سال سے جاری خانہ جنگی کے بعد ہفتہ کو   بیروت سے دمشق کے لئے پہلے اعلیٰ سطحی  وفد کے دورے کے دوران اس بات کا اعلان کیا گیا ہے۔

بیروت کو مصر سے گیس اور اردن سے بجلی درآمد کرنے کی امید ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

لبنان کی معاشی تباہی کی وجہ سے پیدا ہونے والی ایندھن کی شدید قلت اور بجلی کی بندش نے ریستورانوں، دکانوں اور صنعت کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں جیسی اہم خدمات کو مفلوج کردیا ہے۔
دمشق انتظامیہ کے خلاف امریکی پابندیوں کے باوجود  شام کے بنیادی ڈھانچے کا استعمال کرتے ہوئے اب بیروت مصر سے گیس اور اردن سے بجلی درآمد کرنے کا معاہدہ کرنے کی امید رکھتا ہے۔
لبنان کے اعلیٰ عہدیدار ناصری خوری نے  بتایا ہے کہ لبنان کی عبوری نائب وزیراعظم زینہ عکر کی قیادت میں وفد کی شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد اور وزیر تیل بسام تومے سےملاقات  ہوئی ہے۔
ملاقات کے بعد لبنان کے اعلی عہدیدار نے  صحافیوں کو بتایا  ہےکہ شام  اپنی سرزمین سے مصری گیس اور اردن کی بجلی کی ترسیل کے حوالے سے لبنان کی مدد کے لیے تیار ہے۔

ورلڈ بینک لبنان کے لیے ایندھن کی درآمد میں مدد کر رہا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

لبنانی عہدیدار ناصری خوری نے مزید بتایا کہ دونوں ملکوں نے اس منصوبے کی تکنیکی تفصیلات پر نظر رکھنے کے لیے مشترکہ ٹیم کے قیام پر اتفاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ زدہ شام کو توانائی منتقل کرنے کے کام کے لیے بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر کام کی ضرورت ہوگی۔
دریں اثنا لبنان کی صدارت نے اس سے قبل امریکہ کی زیر قیادت ورلڈ بینک کے ساتھ مذاکرات کئے تاکہ اس کی درآمدات کے لیے مالی مدد  کی جاسکے۔
لبنان شام کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم رکھے ہوئے ہے لیکن اس نے2011 میں شروع ہونے والے تنازع کے بعد سے علیحدگی کی پالیسی اختیار کی جس نے سرکاری سطح پر معاملات کو متاثر کیا۔
حالیہ برسوں میں لبنانی سیکیورٹی حکام اور سیاستدانوں نے شام کے کئی دورے کیے جو زیادہ تر ذاتی حیثیت کے تھے یا  یہ دورے ان سیاسی جماعتوں کی جانب سے  تھے جو شامی صدر بشار اسد کی حکومت کی حمایت کرتی ہیں۔

لبنان میں ایندھن کی شدید قلت نے اہم خدمات کو مفلوج کردیا ہے۔ (فوٹو روئٹرز)

یہ دورہ  لبنان کی صدارت کے گزشتہ ماہ کے اس بیان کے بعد کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ امریکہ نے اردن اور مصر سے شام کی سرزمین کے ذریعے لبنان کو بجلی اور گیس کی فراہمی میں مدد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ ان مغربی پابندیوں میں چھوٹ دینے پر آمادہ ہے جو شامی حکومت کے ساتھ کسی بھی لین دین کو روکتی رہیں اور یہ پابندیاں لبنان کی مصر سے گیس کے حصول کی سابقہ کوششوں میں رکاوٹ رہیں۔
واضح رہے کہ بجلی اور گیس کی ترسیل کے لیے یہ اعلان حزب اللہ کے اس بیان کے بعد ہوا ہے کہ ایران لبنان کو ایندھن بھیجنا شروع کر دے گا۔
اس کے بعد  شپنگ ویب سائٹ ٹینکر ٹریکرز نے جمعہ کو کہا کہ ایندھن سے بھرے دو جہاز روانہ ہو چکے ہیں۔
چھ ملین سے زیادہ آبادی والا ملک لبنان ان دنوں شدید معاشی بحران سے دوچار ہے۔
ورلڈ بینک لبنان کے لیے ایندھن سمیت بنیادی درآمدات  کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔ لبنان کو ایندھن کی کمی کے سبب 22 گھنٹے یومیہ تک بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔
 

شیئر: