Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گورنر مدینہ منورہ  کی تعلیمی ایوارڈ تقریب میں شرکت

شہزادہ فیصل بن سلمان نے فاونڈیشن کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ (فوٹو :عرب نیوز)
مدینہ  منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے مدینہ منورہ میں یتیم بچوں کے لیے منعقدہ خصوصی تعلیمی ایوارڈ  کی تقریب میں شرکت کی۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن سلمان مدینہ منورہ میں قائم تکافل چیریٹی فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین بھی ہیں۔

طلبا نے تعلیمی تجربات اور کارکردگی کے متعلق ایک خاکہ پیش کیا۔ (فوٹو: تکافل)

گورنر مدینہ منورہ نے تیسرے سالانہ شیخ ابراہیم جولیدان ایوارڈ برائے تعلیمی قابلیت کے اس ایونٹ کی سرپرستی کی جو ہونہار طلباء کو تعلیمی قابلیت پر ایوارڈ پیش کرتا ہے۔
اس سالانہ تقریب میں ہائی سکول پاس کرنے والے طلبا کے علاوہ مڈل اور پرائمری سکول کے طلبا کو 75 ہزار ریال کے انعامات تقسیم کئے گئے۔
اعزاز حاصل کرنے والے طلبا نے تقریب کے دوران اپنے تعلیمی تجربات اور بہترین کارکردگی کے متعلق ایک خاکہ بھی پیش کیا۔ طلبا نے اعزازات حاصل کرنے کے بعد اپنے جذبات اور خوشی کا اظہار کیا۔

کامیاب طلبہ کی تعداد پہلے سیشن میں 312 سے بڑھ کر 1068 تک پہنچ گئی۔ (فوٹو: تکافل)

اس موقع پر شہزادہ فیصل بن سلمان نے تکافل چیریٹی فاؤنڈیشن کی تعلیمی کامیابیوں اور مدینہ منورہ میں یتیم بچوں کی دیکھ بھال اور حوصلہ افزائی کے لیے فاونڈیشن کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔
سالانہ تقریب میں تکافل چیریٹی فاؤنڈیشن کے سیکریٹری جنرل عبدالمحسن بن معید الحربی نے ایوارڈ سکیم اور تکافل کی جانب سے پیش کیے جانے والے دیگر پروگراموں کے مثبت اثرات  پر روشنی ڈالی۔
سیکریٹری جنرل نے بتایا  کہ ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والے کامیاب طالب علموں کی تعداد پہلے سیشن میں 312 طلباء سے بڑھ کر 1068 تک پہنچ گئی۔ اس کے علاوہ اعزازات جیتنے والوں کی تعداد بھی 45 سے بڑھ کر 92 ہو گئی ہے۔
 

شیئر: