ینبع میں شدید گرمی، درجہ حرارت 48 سے اوپر ہونے کا امکان
گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر متاثر ہوگی (فوٹو عاجل)
محکمہ موسمیات نے ینبع کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ آج شدید گرمی ہوگی جس کے باعث درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ سے اوپر چلا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ نے رہائشیوں کو دھوپ سے بچنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’آج دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک گرمی کا عروج ہوگا جس کے دوران گرم ہوا بھی چلے گی‘۔
دوسری طرف موسمیات کے قومی مرکز نے جمعرات کو مملکت بھر میں آب و ہوا کی تبدیلیوں سے متعلق پیشگوئی جاری کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ جمعرات کو سعودی عرب کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہوجائے گی۔ اس کا دائرہ نجران ریجن تک پھیل جائے گا۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ ریجنوں کے بالائی مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر متاثر ہوگی۔
قومی مرکز نے امکان ظاہر کیا ہے کہ مملکت بھر میں جمعرات کو سب سے زیادہ درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہے گا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت 14 سینٹی گریڈ السودۃ میں متوقع ہے۔
علاوۃ ازیں مشرقی ریجن میں بدھ کو گرد و غبار کا طوفان چھا گیا۔ پورے علاقے میں حد نظر محدود ہوگئی۔ الاحسا، دمام روڈ رہا۔
موسمیات کے قومی مرکز نےاس سے قبل انتباہ جاری کیا تھا کہ الاحسا، الخبر، دمام اور القطیف اور بقیق میں گرد آلود طوفان سے حد نظر محدود ہوگئی۔