افغان خواتین فٹبالرز ملک چھوڑ کر پاکستان پہنچ گئیں
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نعمان ندیم نے افغان فٹبال ٹیم کا پاکستان میں خیر مقدم کیا۔ فائل فوٹو: اے پی
افغان خواتین کی قومی فٹبال ٹیم طورخم بارڈر ذریعے پاکستان پہنچ گئی ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بدھ کو اپنے ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کی کہ افغان خواتین کی فٹ بال ٹیم کی کھلاڑیوں کے پاس افغان پاسپورٹ اور پاکستان کا ویزا ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ایک گروپ کے نمائندے نعمان ندیم نے ٹیم کا پاکستان اور افغانستان کی سرحد، طورخم بارڈر پر خیر مقدم کیا۔
افغان خواتین فٹبال ٹیم کی کیپٹن خالدہ پوپل نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ وہ 79 خواتین فٹبالرز اور ان کے خاندانوں کو افغانستان سے نکالنے میں کامیاب ہوئی۔
واضح رہے کہ افغانستان کی خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی طالبان سے بچنے کے لیے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو رہی تھیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ان لڑکیوں کی زندگیاں صرف اس وجہ سے خطرے میں تھی کیونکہ انہوں نے اپنا پسندیدہ کھیل کھیلنے کا انتخاب کیا ہے۔
افغانستان کی خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم کی اراکین اور ان خاندان کے درجنوں افراد اور فٹ بال فیڈریشن کے عملے کو نکالنے کی ایک بین الاقوامی کوشش کو کچھ روز قبل کابل ایئرپورٹ پر ایک خودکش بم دھماکے، جس میں 169 افغان اور 13 امریکی فوجی ہلاک ہوئے، ایک زبردست دھچکا لگا تھا۔