جی سی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس آج منعقد ہوگا
جمعرات 16 ستمبر 2021 10:32
’وزرائے خارجہ العلا میں منعقد ہونے والی سربراہ کانفرنس کے فیصلوں پر عملدر آمد کا جائزہ لیں گے‘ ( فوٹو: سبق)
جی سی سی ممالک کے وزرائے خارجہ پر مشتمل وزارتی کونسل کا 149 واں اجلاس آج ریاض میں منعقد ہوگا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جی سی سی کے صدر دفتر ریاض میں منعقد ہونے والا اجلاس بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبد اللطیف الزیانی کی سربراہی میں ہوگا‘۔
اجلاس میں تمام خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے جبکہ عراقی وزیر خارجہ فواد محمد حسین مہمان وزیر کے طور پر شرکت کریں گے۔
اجلاس میں وزرائے خارجہ العلا میں منعقد ہونے والی سربراہ کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔
اجلاس میں جی سی سی ممالک کے مشترکہ امور کے علاوہ خطے کو درپیش تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس کے تحت جی سی سی وزرائے خارجہ عراقی وزیر خارجہ اور یمنی وزیر خارجہ کے ساتھ ضمنی اجلاس منعقد کریں گے۔