Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگاپور نے سعودی عرب سے آنے والے مسافروں کےلیے سفری پابندیاں نرم کردیں

22 ستمبر سے سفری پابندیاں نرم کی جارہی ہیں(فائل فوٹو ایس پی اے)
سنگاپور نے سعودی شہریوں اور مملکت سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں نرم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سنگاپور نے سعودی عرب کو ان ممالک کے زمرے میں شامل کیا ہے جہاں کورونا وائرس کے کیسز محدود ہوگئے ہیں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق سنگاپور نے بیان میں کہا کہ’ سعودی عرب سے آنے والے مسافروں پر 22 ستمبر سے سفری پابندیاں نرم کی جارہی ہیں‘۔
سنگاپور دنیا کے ملکوں کو چار زمروں میں تقسیم کیے ہوئے ہے۔ پہلے زمرے میں وہ ممالک شامل ہیں جہاں کورونا وائرس لگنے کے امکانات معمولی ہیں جبکہ چوتھے زمرے میں وہ ممالک شامل کیے گئے ہیں جہاں کورونا وائرس لگنے کے خطرات حد سے زیادہ ہیں۔
سعودی عرب کو دوسرے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے بموجب مملکت سمیت دوسرے زمرے میں شامل ممالک کینیڈا، آسٹریلیا، جرمنی، برونائی، کوریا اور نیوزی لینڈ سے سنگاپور جانے والوں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ سفر سے 48 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ سرٹیفکیٹ پیش کریں اور سنگاپور پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کرائیں۔
سنگاپور دوسرے زمرے میں شامل ممالک سے آنے والے تمام مسافروں پر 7 روزہ آئسولیشن کی پابندی بھی لگائے ہوئے ہے۔ ساتویں دن ان کے لیے ٹیسٹ بھی ضروری ہے۔ 

شیئر: