Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کی بندرگاہ پر افغانستان سے بھیجی گئی اربوں ڈالر کی منشیات برآمد

حکام کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق قبضے میں لی گئی منشیات کی مالیت دو ارب 70 کروڑ ڈالر ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں حکام نے کہا ہے کہ افغانستان سے آنے والی اربوں ڈالر کی ہیروئین کو ایک بندرگاہ پر قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق مغربی انڈیا میں حکام نے ایک بڑی کارروائی میں تین ٹن منشیات کو قبضے میں لیا ہے۔
حکام کے مطابق ریاست گجرات کی مندرہ پورٹ پر دو کنٹینرز کی ڈائریکٹریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس نے تلاشی لی۔ ان دونوں کنٹینرز میں ٹالک (معدنیات) کا بتایا گیا تھا جن میں سے ایک میں دو ہزار کلو گرام جبکہ دوسرے میں سے ایک ہزار کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
حکام نے بتایا کہ دونوں کنٹینرز افغانستان سے ایرانی بندرگاہ کے راستے گجرات لائے گئے تھے۔
ڈائریکٹریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس کے بیان کے مطابق احمد آباد، دہلی، چنائی، گاندھیدام اور گجرات کے علاقے مندوی میں چھاپے مارے گئے اور دو انڈین شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق قبضے میں لی گئی منشیات کی مالیت دو ارب 70 کروڑ ڈالر ہے۔ 
حکام نے منشیات کی اس بڑی کھیپ کی سمگلنگ میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کا بھی الزام لگایا ہے تاہم تاحال انڈیا میں مقیم کسی افغان باشندے کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
افغانستان کو دنیا میں ہیروئین پیدا کرنے والے سب سے بڑے ملک کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

شیئر: