بریدہ کے عجائب گھر میں بانی مملکت کی تاریخی کار
’شاہ عبد العزیز نے اس کار پر سوار ہو کر 1946 میں بریدہ کا دورہ کیا تھا‘ (فوٹو : عاجل)
یوم الوطنی کی مناسبت سے بریدہ شہر کے عجائب گھر میں بانی مملکت شاہ عبد العزیز کی کار کی نمائش کی گئی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی ٹی وی چینل کی رپورٹ نے بانی مملکت کی کار کے متعلق پروگرام پیش کیا ہے۔
قصیم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم المشیجح نے کہا ہے کہ ’یہ کار ہمیں بانی مملکت کی یاد دلاتی ہے جب انہوں نے قصیم کا دورہ کیا تھا‘۔
’اس تاریخی دورے کے بعد شاہ عبد العزیز یہاں کے لوگوں کے دلوں میں بس گئے تھے‘۔
’بریدہ کے شہریوں نے اس تاریخی کار کی حفاظت کی اور اسے عجائب گھر میں رکھ لیا تاکہ اسے دیکھ کر شاہ عبد العزیز کی یاد تازہ رہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’بانی مملکت نے جزیرہ عرب کو خونریزی اور فتنہ وفساد سے پاک کیا اور اس سرزمین کو خیر و برکت کا منبع بنا دیا تھا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’شاہ عبد العزیز اس کار پر سوار ہو کر 1946 میں بریدہ آئے تھے‘۔
’اس کے بعد بھی کئی مرتبہ دیگر گاڑیوں میں بیٹھ کر آئے تھے مگر یہ کار ان کے پہلے دورے کی یاد گار ہے‘۔
’بانی مملکت جب بھی بریدہ آتے تو یہاں کم وبیش ایک ماہ قیام کرتے تھے، وہ رہائشیوں سے ملاقات کرتے ، ان کے گھر اور سکولوں میں جاتے تھے‘۔